قومی

بہار اسمبلی الیکشن کے نتائج ثمر آور ہوں گے: راہول گاندھی

کانگریس قائد راہول گاندھی نے اتوار کے دن زور دے کر کہا کہ انڈیا بلاک میں شامل تمام جماعتیں بہار میں آنے والے اسمبلی الیکشن کیلئے مل جل کر کام کررہی ہیں۔ نتائج ثمرآور ہوں گے۔

ارڑیہ(بہار) (پی ٹی آئی) کانگریس قائد راہول گاندھی نے اتوار کے دن زور دے کر کہا کہ انڈیا بلاک میں شامل تمام جماعتیں بہار میں آنے والے اسمبلی الیکشن کیلئے مل جل کر کام کررہی ہیں۔ نتائج ثمرآور ہوں گے۔

ارڑیہ میں آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب میں قائد اپوزیشن لوک سبھا نے کہا کہ انڈیا بلاک عنقریب بہار اسمبلی الیکشن کے لئے مشترکہ منشور جاری کردے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کے تمام شرکاء نظریاتی اور سیاسی دونوں لحاظ سے متحدہ طور پر کام کررہے ہیں اور نتائج ثمرآور ہوں گے۔

مرکز کی این ڈی اے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ مشرقی ریاست بہار میں جاری ایس آئی آر الیکشن کمیشن کی ادارہ جاتی کوشش ہے تاکہ ووٹ چراکر بی جے پی کی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کو بہار میں ووٹ چوری کرنے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے لئے کام کرتے ہوئے پوری طرح بے نقاب ہوچکا ہے۔ میں نے جب ہریانہ، مہاراشٹرا اور کرناٹک میں فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے دوران الیکشن کمیشن کی بے قاعدگیوں کو بے نقاب کیا تو الیکشن کمیشن نے مجھ سے اِس مسئلہ پر حلف نامہ مانگا لیکن جب برسراقتدار جماعت کے انوراگ ٹھاکر نے پریس کانفرنس یہی کام کیا تو الیکشن کمیشن نے ان سے کوئی حلف نامہ نہیں مانگا۔

اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن غیرجانبدار نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کا جانبدارانہ رویہ تبدیل ہونا چاہئے۔ کانگریس قائد نے کہا کہ بہار میں ووٹر ادھیکار یاترا کو زبردست کامیابی ملی ہے۔ لوگوں کی بڑی تعداد اس میں حصہ لے رہی ہے۔ ہمیں ریاست کے کروڑہا لوگوں کی تائید حاصل ہورہی ہے جو ازخود یاترا میں شامل ہورہے ہیں۔

ہماری یاترا کا کتنا اثر ہورہا ہے اسے دیکھنا ہے تو چھوٹے بچوں کو دیکھ لیجئے جو ووٹ چور، گدی چھوڑ کا نعرہ لگارہے ہیں۔ انہوں نے تاہم اس سوال کا راست جواب نہیں دیا کہ مہاگٹھ بندھن تیجسوی یادو کو انڈیا بلاک کے امیدوارِ چیف منسٹری کے طور پر کیوں نہیں ابھار رہا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کا تعاون کررہے ہیں، ہمیں ووٹ چوری کی روک تھام کرنی ہوگی۔

انڈیا بلاک کے کئی دیگر قائدین بشمول دیپانکر بھٹاچاریہ (سی پی آئی ایم ایل لبریشن)، مکیش سہانی (وکاس شیل انسان پارٹی)، ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹک ڈی کے شیوکمار بھی مشترکہ پریس کانفرنس میں موجود تھے۔  آئی اے این ایس کے بموجب  قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے اتوار کے دن یہ سوال ٹال دیا کہ آیا مہاگٹھ بندھن، راشٹریہ جنتادل قائد تیجسوی یادو کو اپنے امیدوارِ چیف منسٹری کے طور پر سامنے لائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کوئی تناؤ نہیں ہے اور مہاگٹھ بندھن میں بڑا باہمی احترام پایا جاتا ہے۔ جاری ووٹر ادھیکار یاترا سے بریک لینے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں راہول گاندھی نے الیکشن کمیشن آف انڈیا پر تنقید کی کہ وہ غیرجانبدار نہیں ہے۔ وہ بی جے پی ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہار میں ووٹ چرانے کی ادارہ جاتی کوشش ہورہی ہے لیکن ہم اسے ناکام کردیں گے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا اور بی جے پی کی پارٹنرشپ ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ مہاگٹھ بندھن کی توجہ الیکشن کمیشن کو جانبدارانہ رویہ ترک کرنے پر مجبور کردینے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی قائدین سے حلف نامہ نہ مانگ کر ان کی تائید کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کرناٹک میں ووٹ چوری بے نقاب کی۔ ہم بہار میں ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو نے بھی میڈیا سے خطاب کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا بی جے پی سل کی طرح کام کررہا ہے۔ اس کی ساکھ متاثر ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ یاترادستور کو بچانے اور رائے دہندوں کے حق کا تحفظ کرنے کے لئے نکالی ہے۔