ڈپٹی چیف منسٹر بہار کے پاس 2 ووٹر آئی کارڈ!: تیجسوی یادو
قائد اپوزیشن بہار اسمبلی تیجسوی یادو نے اتوار کے دن الزام عائد کیا کہ ڈپٹی چیف منسٹر وجئے کمار سنہا کے پاس2 ووٹر آئی ڈی کارڈہیں اور یہ دو مختلف مقامات پر ووٹر لسٹ میں درج ہیں۔
پٹنہ (آئی اے این ایس) قائد اپوزیشن بہار اسمبلی تیجسوی یادو نے اتوار کے دن الزام عائد کیا کہ ڈپٹی چیف منسٹر وجئے کمار سنہا کے پاس2 ووٹر آئی ڈی کارڈہیں اور یہ دو مختلف مقامات پر ووٹر لسٹ میں درج ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو چاہئے کہ وہ اس معاملہ کی شاف و شفاف تحقیقات کریں۔ تیجسوی نے الزام عائد کیا کہ ڈپٹی چیف منسٹر سنہا کا نام پٹنہ اور لکھی سرائے دونوں اضلاع سے ایس آئی آر 2025 کی مسودہ فہرست میں موجود ہے۔
پٹنہ کے حلقہ اسمبلی باقی پور کے بوتھ نمبر 405میں وجئے کمار سنہا کا سیرئیل نمبر 757 ہے۔ ان کے ووٹر آئی ڈی کارڈ کا نمبرAFS0853341 ہے۔ لکھی سرائے کے بوتھ نمبر 231میں ان کا سیرئیل نمبر274ہے اور ووٹر آئی ڈی کارڈ کا نمبرIAF3939337 ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 2 کارڈس میں ڈپٹی چیف منسٹر کی عمر مختلف ہے۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ اسے انکشاف یا فراڈ کچھ بھی کہہ لیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ اِس شخص کے پاس 2 مختلف ووٹر آئی ڈی کارڈ ہیں اور وہ 2 مختلف جگہوں پر رجسٹرڈ ہیں۔ آر جے ڈی قائد نے کہا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اسے ویریفائی بھی کیا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ الیکشن کمیشن نے انہیں 2ووٹر آئی ڈی کارڈ رکھنے پر نوٹس جاری کی تھی جس کا جواب انہوں نے 8 اگست کو اسپیڈپوسٹ سے دے دیا۔ اب دیکھنا ہے کہ پٹنہ اور لکھی سرائے اڈمنسٹریشن وجئے کمار سنہا کو نوٹس جاری کرتا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے بعد بھی ڈپٹی چیف منسٹر کا نام 2 جگہوں پر موجود رہنا اِس سے بڑا فراڈ کیا جاسکتا ہے۔
آر جے ڈی قائد نے اپنی ووٹر تفصیلات میں گڑبڑ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ہمارے ماں باپ اور بھائی بہنوں کے نام مختلف لکھ دئے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے بموجب آر جے ڈی قائد نے آج الزام عائد کیا کہ ڈپٹی چیف منسٹر بہار کے پاس 2 ووٹر آئی ڈی کارڈ ہیں۔ انہوں نے پوچھا کہ سنہا کے خلاف کیا کارروائی کی جارہی ہے۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ ایک کارڈ میں سنہا کی عمر57سال اور دوسرے میں 60 برس درج ہے۔ کیا یہ فراڈ اور عمر کا اسکام نہیں ہے؟ کیا سنہا کو 2 نوٹسیں جاری ہوں گی یا قاعدہ قانون صرف اپوزیشن قائدین کیلئے ہے۔