وائرل ویڈیو: کیا اب بائیک سواروں کیلئے بھی ایئر بیگ آ گیا ہے؟
سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ چینی کمپنیوں نے ایئر بیگ والا ہیلمٹ تیار کیا ہے، لیکن انڈیا ٹوڈے فیکٹ چیک میں ویڈیو AI سے تیار کردہ نکلی۔
حیدرآباد: سڑک حادثات کے دوران بائیک سواروں کی حفاظت کے لیے ہیلمٹ انتہائی ضروری ہے۔ لیکن اگر ہیلمٹ سے ایک بڑا ایئر بیگ نکل کر بائیک سوار کے پورے جسم کو ڈھانپ لے تو یہ کسی حیرت انگیز ٹیکنالوجی سے کم نہیں ہوگا۔ سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک ایسی ہی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ چین میں بائیک سواروں کے لیے یہ نئی ٹکنالوجی تیار کی گئی ہے۔ تاہم اس ویڈیو کی حقیقت کچھ اور ہی ہے۔
ہیلمٹ سے نکلتا ہے بڑا ایئر بیگ
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بائیک سوار سڑک پر سفر کے دوران اچانک حادثے کا شکار ہوکر گر جاتا ہے۔ اسی وقت اس کے ہیلمٹ سے ایک بڑا ایئر بیگ باہر نکلتا ہے اور چند لمحوں میں اس کے پورے جسم کو ڈھانپ لیتا ہے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ یہ ایئر بیگ حادثے کے وقت بائیک سوار اور سڑک کے درمیان حفاظتی دیوار کا کام کرتا ہے، جس سے جسم پر چوٹ لگنے کا خطرہ کم ہوسکتا ہے۔
چینی کمپنیوں کے نام سے ویڈیو وائرل
سوشل میڈیا کی بعض پوسٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ ٹکنالوجی چین کی Lanxi Yema Motorcycle Fittings اور Yanfeng Automotive کمپنیوں نے تیار کی ہے۔ ان میں سے ایک کمپنی ہیلمٹ جبکہ دوسری گاڑیوں کے لیے ایئر بیگ اور سیٹ بیلٹ جیسے حفاظتی آلات تیار کرتی ہے۔
تاہم ان کمپنیوں نے اس طرح کے مکمل جسم کو ڈھانپنے والے ایئر بیگ ہیلمٹ کی تیاری سے متعلق کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا ہے۔ اس کے علاوہ اس ٹکنالوجی کی مصنوعات یا حفاظتی منظوری سے متعلق تفصیلات بھی دستیاب نہیں ہیں۔
ویڈیو میں نظر آئے کئی مشکوک مناظر
انڈیا ٹوڈے فیکٹ چیک کی جانچ میں اس ویڈیو کو مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ قرار دیا گیا ہے۔ ویڈیو میں دکھائے گئے ہیلمٹ پر چینی کمپنی کے بجائے اٹلی کی مشہور AGV کمپنی کا لوگو نظر آتا ہے۔ اسی طرح بائیک سوار کے لباس پر Dainese برانڈ کا نام دکھائی دیتا ہے۔
ویڈیو میں کئی ایسی خامیاں بھی سامنے آئی ہیں جو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیوز میں دیکھی جاتی ہیں۔ مثال کے طور پر بائیک سوار کے گھٹنے کے پیڈ کا رنگ بدل جاتا ہے اور ایئر بیگ کھلنے کے بعد اس کا ہاتھ غائب ہوجاتا ہے۔ AI کی جانچ کرنے والے کئی ٹولز نے بھی اسے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیو قرار دیا ہے۔
کیا بائیک سواروں کے لیے ایئر بیگ ٹیکنالوجی موجود ہے؟
حالانکہ وائرل ویڈیو فرضی ہے، لیکن بائیک سواروں کے لیے ایئر بیگ ٹکنالوجی حقیقت میں موجود ہے۔ کئی ممالک میں ایسے ایئر بیگ جیکٹس اور ویسٹ دستیاب ہیں جو حادثے کے وقت خودکار طریقے سے کھل کر بائیک سوار کے جسم کے اہم حصوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
اس طرح بائیک سواروں کے لیے ایئر بیگ ٹیکنالوجی ضرور موجود ہے، لیکن سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا مکمل جسم کو ڈھانپنے والا ایئر بیگ ہیلمٹ فی الحال ایک حقیقی مصنوعات نہیں بلکہ AI سے تیار کردہ ویڈیو ہے۔