غزہ میں اسرائیلی کاروائیوں کی مذمت۔ یونیورسٹی آف شکاگو میں راہول کی طلبہ سے بات چیت
شکاگو یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے انتخابات کے بائیکاٹ کو جمہوریت کے لیے نقصان دہ قرار دیا، غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں اور 7 اکتوبر کے حملے دونوں کی مذمت کی۔
نئی دہلی/شکاگو۔19نومبر(پی ٹی آئی) کانگریس قائد راہول گاندھی نے ہندوستانی جمہوریت کو مقدس قرار دیتے ہوئے انتخابات کے بائیکاٹ کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے ملک میں جمہوریت ختم ہوجائے گی۔ بی جے پی نے بیرونی سرزمین پر ووٹ چوری کے الزام کو دہرانے پر انہیں نشانہ تنقید بنایا اور مخالف ہند‘ پروپگنڈہ کرنے کا الزام عائد کیا۔
راہول گاندھی نے چہارشنبہ کے ر وز یونیورسٹی آف شکاگو کے طلبا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور اپوزیشن کی حکمت عملی”پیش آرہے حالات اور واقعات“ کو بے نقاب کرنا اور اس وقت تک حالات کا مقابلہ کرنا ہے جب تک کہ عوام کو یہ احساس نہیں ہوجاتا کہ سسٹم کو مکمل طور پر منہدم کردیا گیا ہے۔ راہول گاندھی نے یونیورسٹی آف شکاگو میں اپنے ریمارکس میں کہا کہ 2014کے انتخابات کے بارے میں ہمارا ماننا ہے کہ کچھ غلط کیا گیا تھا کیونکہ (ہار اور جیت) کی مارجن ناقابل فہم تھی۔
ہم کچھ نہیں کہہ سکے کیونکہ ہمارے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا۔کانگریس قائد راہول گاندھی نے الیکشن کمیشن کے نظام کے اندر سے معلومات ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ڈھانچے کے منہدم ہونے میں اب محض وقت کی بات ہے، جبکہ اسرائیل غزہ تنازعہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے اکتوبر کے حملے کے ساتھ ساتھ غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کی بھی مذمت کی ہے۔
اسرائیل اور غزہ تنازعہ پر بات کرتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں، لیکن ہم ڈیڑھ ارب آبادی والا ملک ہیں اور ہماری خارجہ پالیسی اس بنیاد پر ہونی چاہیے کہ ہمارے لیے کیا بہتر ہے، نہ کہ اس بنیاد پر کہ کسی اور کے لیے کیا بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں جو کچھ ہوا میں اس کی مذمت کرتا ہوں، میرے خیال میں وہ انتہائی خوفناک تھا اور ہرگز نہیں ہونا چاہیے تھا، معصوم لوگوں کا قتل سراسر غلط ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی اسرائیل نے غزہ میں جو کچھ کیا ہے میں اس کی بھی مذمت کرتا ہوں۔واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے حملے کی مذمت کی تھی، تاہم اس نے غزہ میں اسرائیل کے تباہ کن اور غیر متناسب ردعمل اور کارروائیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔