قومی

آنے والا الیکشن ’انتخاب نہیں انقلاب ہوگا‘: اعظم خاں

منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت پر دسنا جیل سے رہائی کے بعد رامپور پہنچے ایس پی کے سینئر لیڈر، حامیوں نے کیا گرمجوشانہ استقبال؛ دستور، انصاف اور آئندہ اسمبلی انتخابات پر کھل کر اظہار خیال۔

رامپور (یوپی) (پی ٹی آئی) سماج وادی پارٹی قائد اعظم خاں نے اترپردیش اسمبلی کے آنے والے انتخابات کو ”الیکشن نہیں بلکہ انقلاب“ قرار دیا ہے۔ انہوں نے منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت پر جیل سے رہائی کے بعد کہا کہ ”اس بار چناؤ نہیں ہوگا، انقلاب ہوگا، بدلاؤ نہیں ہوگا، سیلاب ہوگا“۔

اعظم خان کو کل دن میں غازی آباد کی دسنا جیل سے رہا کیا گیا۔ چہارشنبہ کی رات دیر گئے آبائی ٹاؤن (رامپور) میں آمد پر حامیوں کی کثیر تعداد نے ان کا گرمجوشانہ خیرمقدم کیا۔ ایس پی کے سینئر لیڈر نے عدالت کی جاب سے ضمانت پر اپنی رہائی کے بارے میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس (فیصلہ) کی وجہ سے ان کایہ یقین مضبوط ہوا ہے کہ ملک آزاد ہے لیکن دستور کو قید کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم سب ساتھ ہیں اور مل جل کر دستور کی رہائی کا مطالبہ کریں گے۔ آنے والے اسمبلی انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے پر اعظم خان نے کہا کہ اب عوام مذہب اور ذات کے نام پر نہیں بلکہ مسائل کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دستور اور قانون کیلئے جان دینے تیار تھے اور تیار رہیں گے۔

اکھلیش یادو کے اس ریمارک پر ردعمل طاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریاست میں الیکشن کے بعد پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو اعظم خاں کو انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ”انصاف تو انصاف ہے لیکن کسی سے انتقام نہیں لیا جائے گا“۔

اعظم خان نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ”اگر کوئی مرغی، بکری یا بھینس چور ایجنسی کا سامنا کرسکتا ہے اور یونیورسٹی تعمیر کرسکتا ہوتو میری دعا ہے کہ ہر گلی میں ایک ”مرغی چور“ ہو جو یونیورسٹی بنانے کی صلاحیت رکھتا ہو“۔

اعظم خاں نے دستوری اداروں کی ساکھ اور اعتبار پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ انہیں عوام کے گھٹتے اعتباراور ہائی کورٹس و سپریم کورٹ کے ریمارکس کے پیش نظر اپنا محاسبہ کرنا چاہئے۔