قومی

بہار کے وزیر کی کرسی خطرے میں؟ تیجسوی یادو نے کردیا بڑا مطالبہ

آر جے ڈی لیڈر نے جے ڈی یو کے وزیر اشوک چودھری پر عہدۂ منفعت کے قواعد کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے فوری نااہلی کا مطالبہ کیا، سپریم کورٹ کی رولنگ کا بھی حوالہ دیا۔

پٹنہ (پی ٹی آئی) آر جے ڈی کے کار گزار صدر تیجسوی یادو نے جمعرات کے روز مطالبہ کیا کہ ایک کالج میں اسسٹنٹ پروفیسر کا عہدہ قبول کرنے پر بہار کے ایک وزیر کو فوری طور پرنا اہل قرار دیا جائے۔

انہوں نے عہدہ منفعت کے بارے میں سپریم کورٹ کی ایک رولنگ کا حوالہ دیا۔ اگرچہ کہ یادو نے وزیر کا نام نہیں لیا لیکن ان کا اشارہ جے ڈی (یو) لیڈر اشوک چودھری کی طرف تھا جو ریاستی وزیر برائے فوڈ پراسیسنگ اور امور صارفین کے عہدہ پر فائز ہیں اور علی گڑھ یونیورسٹی سے ملحقہ پٹنہ کے ایک کالج میں استاد بھی ہیں۔

سابق ڈپٹی چیف منسٹر نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں الزامات عائد کئے۔ گزشتہ روز راجیہ سبھا کے آر جے ڈی رکن پارلیمنٹ منوج کمار جھا نے ایک پریس کانفرنس میں چودھری کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

منوج جھا نے سپریم کورٹ کی 2026ء کی ایک رولنگ کا حوالہ دیا تھا جس کے ذریعہ اداکارہ سے سیاستداں بنی جیہ بچن کو اترپردیش فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا صدرنشین مقرر کئے جانے کے بعد راجیہ سبھا سے ان کی نااہلی کو برقرار رکھا گیا تھا۔ یادو نے جو بہار اسمبلی میں قائد اپوزیشن بھی ہیں، اس معاملہ کو اوپر تک لے جانے کا عہد کیا۔

انہوں نے چودھری کو ’ایک غیر قانونی وزیر اور غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث شخص‘ قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ لوک بھون نے وزیر کے بیک وقت مختلف عہدوں پر فائز ہونے پر بھی اعتراض کیا تھا اور یونیورسٹی کے سروس رولس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انہیں ’پروبیشن کے دوران طویل رخصت‘ منظور کرنے پر بھی اعتراض کیا تھا۔