بلقیس بانو کیس: مجرمین کی رہائی کیخلاف سپریم کورٹ میں 7 اگست کو قطعی سماعت
جسٹس بی وی ناگرتنا کی قیادت والی دو رکنی بنچ نے پیر کے روز 7 اگست کو حتمی سماعت کی تاریخ طے کرتے ہوئے متعلقہ فریقوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنا موقف مختصراً پیش کریں۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ 2002 کے گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو اجتماعی عصمت دری کیس کے 11 قصورواروں کی سزا میں رعایت دے کر گزشتہ سال 15 اگست کو رہا کرنے کے اقدام کے خلاف دائر درخواستوں پر 7 اگست کو آخری سماعت کرے گا۔
جسٹس بی وی ناگرتنا کی قیادت والی دو رکنی بنچ نے پیر کے روز 7 اگست کو حتمی سماعت کی تاریخ طے کرتے ہوئے متعلقہ فریقوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنا موقف مختصراً پیش کریں۔
3 مارچ 2002 کے گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت دری اور ان کی تین سالہ بیٹی سمیت خاندان کے 14 افراد کے قتل کے 11 مجرموں کو گزشتہ سال 15 اگست کو اپنی مقررہ مدت پوری کرنے سے پہلے رہا کر دیا گیا تھا۔ یہ رہائی ریاستی حکومت کی سزامعافی پالیسی کے تحت تھی۔
سی بی آئی نے اس معاملے کی جانچ کی تھی۔ 2008 میں، بمبئی کی سیشن عدالت نے 11 مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
عدالت عظمیٰ نے اس سال اپریل میں سماعت کے دوران تبصرہ کرتے ہوئے کہاتھا کہ آپ (گجرات حکومت) سیب کا موازنہ سنترا سے نہیں کر سکتے، ٹھیک اسی طرح قتل عام کا موازنہ ایک قتل سے نہیں کیا جا سکتا۔
دو رکنی بنچ نے مرکزی حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو سے کہا تھا کہ جب زیرغور جرم "گھناؤنا” اور "خوفناک” تھا تو ریاستی حکومت کے لیے یہ لازمی ہے کہ وہ سوچ سمجھ کر کوئی فیصلہ کرتی۔
سپریم کورٹ نے اس حقیقت پر بھی غور کیا تھا کہ ایک حاملہ خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی تھی اور کئی لوگوں کو مار دیا گیا تھا۔ عدالت نے یہ بھی کہا تھا اس معاملے کا موازنہ تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 302 (قتل) کے معیاری مقدمات سے نہیں کیا جا سکتا ہے۔
بلقیس بانو اور سی پی ایم کی سابق ایم پی سبھاشینی علی سمیت دیگر نے عدالت عظمیٰ میں ایک عرضی دائر کی تھی جس میں قصورواروں کو وقت سے پہلے رہا کرنے کے گجرات حکومت کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔