تلنگانہ میں برڈ فلو آؤٹ بریک، میدک میں 3500 دیسی مرغیاں مردہ پائی گئیں
پرساد نے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مرغیوں کی پرورش پر تقریباً 8 لاکھ روپے خرچ کیے تھے۔ ان کے فارم میں پانی اور خوراک کی کوئی کمی نہیں تھی اور وہ پہلے بھی پانچ بار دیسی مرغیوں کی پرورش اور فروخت کر چکے تھے، لیکن اس بار برڈ فلو کی تباہ کاریوں نے سب کچھ برباد کر دیا۔
حیدرآباد: میدک ضلع کے نرساپور منڈل کے لنگاپور گاؤں میں برڈ فلو کی وبا کے باعث 3,500 دیسی مرغیاں ہلاک ہو گئیں۔ گاؤں کے رہائشی، پاتھ لوٹھ پرساد، جو کہ دیسی اور برائلر مرغیوں کی پرورش سے اپنا روزگار چلا رہے تھے، کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔ پہلے برائلر مرغیوں کے ایک قریبی فارم میں برڈ فلو پھیل گیا، جس سے تمام مرغیاں ہلاک ہو گئیں۔ بعد میں یہ وائرس پرساد کے فارم تک پہنچا، جس سے ان کی 3,500 دیسی مرغیاں بھی مر گئیں۔
پرساد نے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مرغیوں کی پرورش پر تقریباً 8 لاکھ روپے خرچ کیے تھے۔ ان کے فارم میں پانی اور خوراک کی کوئی کمی نہیں تھی اور وہ پہلے بھی پانچ بار دیسی مرغیوں کی پرورش اور فروخت کر چکے تھے، لیکن اس بار برڈ فلو کی تباہ کاریوں نے سب کچھ برباد کر دیا۔ انہوں نے حکومت سے مالی مدد کی اپیل کی ہے تاکہ وہ اپنے نقصان کی بھرپائی کر سکیں۔
واضح رہے کہ میدک ضلع کے چنا شنکرام پیٹ مندال کے کئی مواضعات میں بھی گذشتہ روز 10 ہزار مرغیاں بیماری سے ہلاک ہو گئیں۔ گواپالی اور جنگارائی گاؤں میں پولٹری فارم مالکین اپنی آنکھوں کے سامنے بڑی تعداد میں مرغیوں کو مرتے دیکھ کر افسردہ ہو گئے۔
فارم مالکین جناردھن، یادگیری اور بھوپال ریڈی کے مطابق پچھلے ایک ہفتہ سے یہ بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے اور بڑی تعداد میں مرغیاں مر رہی ہیں۔ میدک ضلع میں پہلے بھی برڈ فلو کی وجہ سے مرغیوں کی ہلاکت کی اطلاعات آئی تھیں۔ عہدیداروں نے ہلاک ہونے والی مرغیوں کو زمین میں دفن کر دیا ہے۔ فارم مالکین نے بتایا کہ انہیں لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔انہوں نے حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔