بہار میں اردومترجمین کے تقرر پر بی جے پی چراغ پا
نتیش کمارجو2024کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کامقابلہ کرنے متحدہ اپوزیشن محاذ کے قیام پرزوردیتے رہے ہیں، چیف منسٹرکے سکریٹریٹ میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے جہاں انہوں نے تقریباً200اردو مترجمین اوراسٹینوگرافرس کومکتوبات تقرر حوالے کئے۔
پٹنہ: مرکزکی نریندرمودی حکومت پر درپردہ طنزکرتے ہوئے چیف منسٹربہار نتیش کمارنے دعویٰ کیاہے کہ”پرچارپراسر“(پروپیگنڈہ) جاری ہے جبکہ غریب ریاستوں کوکچھ نہیں دیاجارہا ہے۔
کمارجنہوں نے دوماہ قبل بی جے پی کے ساتھ تعلقات منقطع کرلئے ہیں، اس بات پر بھی اظہارتاسف کیاکہ بہارکیلئے خصوصی موقف کے دیرینہ مطالبہ کوقبول نہیں کیاگیاہے ہوناتویہ چاہئے کہ تمام غریب ریاستوں کویہ موقف دیاجائے۔ بزرگ قائد نے جمعرات کے روز کسی کانام لئے بغیرکہاآیاغریب ریاستوں میں کوئی قابل قدر کام ہورہاہے۔
صرف پروپیگنڈہ کیاجارہاہے۔ طویل عرصہ تک چیف منسٹر بہارکے عہدہ پر فائز نتیش کمارجو2024کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کامقابلہ کرنے متحدہ اپوزیشن محاذ کے قیام پرزوردیتے رہے ہیں، چیف منسٹرکے سکریٹریٹ میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے جہاں انہوں نے تقریباً200اردو مترجمین اوراسٹینوگرافرس کومکتوبات تقرر حوالے کئے۔
نتیش کمارنے سماج کے کمزورطبقات بالخصوص اقلیتوں اوردلتوں کی حالت کوبہتر بنانے اپنی حکومت کی کوششوں کا تفصیلی تذکرہ کیا۔ جے ڈی یولیڈرنے کہاکہ اس کے باوجودہم کانٹا بنے ہوئے ہیں کیونکہ خصوصی موقف کیلئے ہمارے مطالبہ کی تکمیل نہیں کی گئی۔
تمام غریب ریاستوں کویہ موقف دیاجاناچاہئے۔ اس موقع پر ان کے نائب تیجسوی یادو اوروزیرتعلیم وجئے کمارچودھری بھی موجود تھے۔ ان دونوں نے نتیش کمارکی اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے ان کے پابندی عہد کی بھرپورستائش کی۔
بی جے پی کے ریاستی یونٹ نے جو ریاست میں اقتدارسے محروم ہونے کے بعد سے پرخاش رکھتاہے، اردوعملہ کے تقرر کے بارے میں سوال اٹھایا۔ ریاستی بی جے پی ترجمان نکھل آنند نے برہمی ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹرنتیش کمار ہراسکول میں اردو اساتذہ کوبحال کرنے کاعزم رکھتے ہیں۔ بہاراسمبلی میں اردوجاننے والوں کے تقرر کی کیاضرورت ہے۔
اب ہرپولیس اسٹیشن میں بھی اردومترجمین کا تقرر کیاجائے گا۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ بہار کے مسلم غلبہ والے اضلاع میں دلتوں،دیگرپسماندہ طبقات اورای بی سی طبقہ کی زندگیاں اجیرن ہوجاتی ہیں، انہوں نے کہاکہ بھائی،بہارمیں پاکستان نہ بنائیں، آپ خود پاکستان چلے جائیں۔