بی جے پی جان بوجھ کر گاندھی خاندان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے:مہیش کمارگوڑ
انہوں نے دہلی ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کی جانب سے ای ڈی کی چارج شیٹ کو قبول کرنے سے انکار کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ مقدمات محض ہراساں کرنے کے لئے بنائے گئے تھے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس کے صدر مہیش کمار گوڑ نے مرکز کی بی جے پی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مرکز کی مودی حکومت راہول گاندھی اور سونیا گاندھی کے خلاف سیاسی انتقام کے تحت جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات درج کر رہی ہے۔
انہوں نے دہلی ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کی جانب سے ای ڈی کی چارج شیٹ کو قبول کرنے سے انکار کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ مقدمات محض ہراساں کرنے کے لئے بنائے گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ہیرالڈ ایک ایسا اخبار ہے جس کی تاریخ آزادی کی جدوجہد سے جڑی ہوئی ہے اور گاندھی خاندان وہ خاندان ہے جس نے ملک کی خاطر اپنی جانوں اور جائیدادوں کی قربانی دی ہے، لیکن بی جے پی جان بوجھ کر اس خاندان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کانگریس پارٹی ان حقائق کو عوام کے درمیان لے جائے گی اور بی جے پی کے ظلم کے خلاف پرامن احتجاج اور ریلیوں کے ذریعہ اپنی آواز بلند کرے گی۔