کشمیر نظم ونسق، لوک سبھا الیکشن ”فکس“ کرنے کی کوشش میں: محبوبہ مفتی
پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ہفتہ کے دن الزام عائد کیا کہ جموں وکشمیر نظم ونسق ان کی پارٹی اور اس کے حامیوں کو چن چن کر نشانہ بناکر لوک سبھا الیکشن کو ”فکس“ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

سری نگر: پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ہفتہ کے دن الزام عائد کیا کہ جموں وکشمیر نظم ونسق ان کی پارٹی اور اس کے حامیوں کو چن چن کر نشانہ بناکر لوک سبھا الیکشن کو ”فکس“ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
سری نگر میں پی ڈی پی ہیڈکوارٹرس میں پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ حکام نے ہفتہ کی شام 6:30 بجے سے پلوامہ میں 48 گھنٹوں کی پابندیاں عائد کردیں جو سری نگر حلقہ لوک سبھا کا حصہ ہے جہاں پیر کے دن پولنگ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس کی سابق میں نظیر نہیں ملتی۔ پی ڈی پی صدر نے کہا کہ عوام کو ہراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ وہ ووٹ ڈالنے نہ آئیں۔ الیکشن میں فراڈ کی تیاریاں جاری ہیں۔ الیکشن فکس کیا جارہا ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ اگر الیکشن کمیشن آف انڈیا 1987 کے انتخابات دُہرانا چاہتا ہے تو پھر الیکشن کا یہ ڈرامہ کیوں؟۔ سرکاری عہدیدار دباؤمیں ہیں۔
پی ڈی پی ورکرس کو چن چن کر ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہیں نشانہ بنایا جارہا ہے۔ پی ڈی پی سربراہ نے لیفٹیننٹ گورنر جموں وکشمیر منوج سنہا سے کہا کہ وہ الیکشن کا ڈرامہ بند کردیں۔