بی جے پی نے سندھیا کو مہاراجہ سے بھائی صاحب بنادیا، نروتم مشرا کو ہم مچھر سمجھتے ہیں: ایم پی کانگریس
پارٹی ورکرس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ جب چاہیں سندھیا کو مرغا بناسکتے ہیں۔
بھوپال: مدھیہ پردیش کانگریس کے نائب صدر دامودر یادو نے مرکزی وزیر جیوتر آدتیہ سندھیا اور ریاستی وزیر داخلہ نروتم مشرا کے تعلق سے متنازعہ ریمارکس کئے ہیں۔
ضلع اشوک نگر کے حلقہ اسمبلی منگاؤلی میں پارٹی ورکرس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ جب چاہیں سندھیا کو مرغا بناسکتے ہیں۔
انہوں نے سندھیا پر یہ کہتے ہوئے طنز کیا کہ وہ بی جے پی کے شکرگزار ہیں جس نے سندھیا کو جو کانگریس میں ”مہاراجہ“ تھے ”بھائی صاحب“ بنادیا۔ دامودر یادو نے کہا کہ وہ دن چلے گئے‘ اب کوئی مہاراجہ نہیں۔ میں جب چاہوں سندھیا کو مرغا بناسکتا ہوں۔
جب سندھیا کا یہ حال ہے تو ان کے منتریوں کا کیا حال ہوگا۔ غور طلب ہے کہ پردیش کانگریس نے بھوپال تا داتیہ کمل ناتھ سندیش یاترا(ریالی) شروع کی ہے۔ دامودر یادو یاترا کے پہلے مرحلہ کی قیادت کررہے ہیں۔
انہوں نے ریاستی وزیر داخلہ نروتم مشرا کے تعلق سے بھی متنازعہ ریمارکس کئے۔ انہوں نے کہا ”نروتم مشرا کو ہم مچھر سمجھتے ہیں“۔
سندیش یاترا 25 جون کو داتیہ پہنچے گی اور اسی دن نروتم مشرا کی سیاست ختم ہوجائے گی۔ داتیہ‘ نروتم مشرا کا آبائی ضلع ہے اور وہ وہاں سے 6 اسمبلی الیکشن جیت چکے ہیں۔