حیدرآباد

منتخبہ حکومتوں کو گرانا بی جے پی کی عادت: سرینواس یادو

سرینواس یادو نے کہاکہ چار اراکین اسمبلی کو خریدنے کی کوشش پر 3افراد کو رنگے ہاتھو پکڑلیا گیا۔ ایک ایک رکن اسمبلی کی قیمت ایک سو کروڑ روپے لگائی گئی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اتنی بڑی رقم آخر کہاں سے لائی جارہی ہے؟

حیدرآباد: ریاستی وزیر افزائش مویشیان وسمکیات ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت نے ملک کی مختلف ریاستوں میں عوام کی منتخبہ حکومت کو گرانا اپنی عادت بنالی ہے۔

آج حلقہ اسمبلی منگوڈ میں ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکرریڈی کے حق میں گھر گھر مہم چلاتے ہوئے انہونے بی جے پی پر ملک میں جمہوریت کا خون کردینے کا الزام عائد کیا۔ یادو نے کہا کہ مہاراشٹرا گوا اور مدھیہ پردیش میں منتخبہ حکومتوں کو گرایا گیا۔

 بی جے پی قیادت، اقتدار کی بھوکی ہے اور اپنی بھوک مٹانے کیلئے عوام کی رائے کو روندتی ہے۔ حال ہی میں دہلی کی حکومت کو گرانے کی مذموم کوشش کی گئی اور اب تلنگانہ میں اپنے ناپاک عزائم کو دہرانے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔

تلنگانہ میں چار اراکین اسمبلی کو خریدنے کی کوشش پر 3افراد کو رنگے ہاتھو پکڑلیا گیا۔ ایک ایک رکن اسمبلی کی قیمت ایک سو کروڑ روپے لگائی گئی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اتنی بڑی رقم آحر کہاں سے لائی جارہی ہے؟ اس کا پتہ چلاناضروری ہے۔

 بی جے پی پر چور خود دوسروں پر چوری کا الزام لگا نے کی کوشش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ سارا افسانہ بی جے پی کی جانب سے کیا گیا اور اب الزام ریاستی حکومت پر ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معمار دستور بی آر امبیڈکر نے جمہوری ہندوستان میں حکومت اور اداروں کی کارکردگی پر وضاحت کے ساتھ ضوابط تحریر کئے تھے۔ مگر بی جے پی کی نظر میں دستور کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔