اسمبلی میں آئینی اصولوں اور قوانین کی کھلی خلاف ورزی:ہریش راو
بی آر ایس لیڈر و ایم ایل اے ٹی ہریش راؤ نے تلنگانہ میں گزشتہ دو سالوں کے دوران اسمبلی کے انتظام میں سنگین کوتاہیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں آئینی اصولوں اور اسمبلی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
حیدرآباد: بی آر ایس لیڈر و ایم ایل اے ٹی ہریش راؤ نے تلنگانہ میں گزشتہ دو سالوں کے دوران اسمبلی کے انتظام میں سنگین کوتاہیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں آئینی اصولوں اور اسمبلی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
اسمبلی اسپیکر جی پرساد کمار کے عہدے پر دو سال مکمل ہونے کے موقع پر جاری کردہ ایک کھلے مکتوب میں ہریش راؤ نے پارٹی انحراف معاملہ پر کارروائی نہ ہونے سے لے کر اجلاس کے دنوں میں کمی تک کے کئی مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اسمبلی کے وقار کو برقرار رکھنے کے لئے فوری اصلاحی اقدامات پر زور دیا۔
راؤ نے گزشتہ دو سالوں کے دوران اسمبلی کی کارروائیوں میں سنگین ناکامیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دلیل دی کہ ان خامیوں نے آئینی روح اور تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے وقار کو نقصان پہنچایا ہے۔ مکتوب میں بیان کردہ بنیادی شکایات میں سے ایک اسمبلی اجلاس کے کام کے دنوں میں کمی تھی۔
ہریش راؤ نے نشاندہی کی کہ قاعدہ 12 کے تحت قانون سازی کے کام کے لئے جتنے دن ضروری ہوں اجلاس منعقد کرنا لازمی ہے لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بغیر کسی معقول وجہ کے اجلاس کو بار بار اور اچانک ملتوی کرنے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ یہ اقدام سیشن کے اوقات سے متعلق قاعدہ13 اور التوا کے طریقہ کار سے متعلق قاعدہ 16 کی خلاف ورزی ہے۔