سرحدی تنازعہ‘امیت شاہ کی 14 دسمبر کو مہاراشٹرا اور کرناٹک کے چیف منسٹرس سے ملاقات
انمول کولہے نے بتایا کہ امیت شاہ نے 14 دسمبر کو چیف منسٹر مہاراشٹرا اور چیف منسٹر کرناٹک کی میٹنگ طلب کی ہے۔ ایم وی اے وفد نے شاہ سے یہ بھی شکایت کی کہ گورنر مہاراشٹرا اور بی جے پی کے بعض قائدین نے چھترپتی شیواجی کو برابھلا کہا ہے۔
نئی دہلی: وزیر داخلہ امیت شاہ 14 دسمبر کو مہاراشٹرا اور کرناٹک کے چیف منسٹرس سے ملاقات کریں گے تاکہ دونوں ریاستوں کے درمیان سرحدی تنازعہ پر گرم جذبات کو ٹھنڈا کیا جائے۔ این سی پی قائد انمول کولہے نے جمعہ کے دن یہ بات بتائی۔
شرور کے رکن لوک سبھا انمول کولہے‘ مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) ارکان پارلیمنٹ کے وفد کے ساتھ نئی دہلی میں امیت شاہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ دوران ِ ملاقات ایم وی اے وفد نے امیت شاہ کو بتایا کہ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے درمیان سرحدی تنازعہ ایسے مقام پر پہنچ گیا ہے کہ وہ تشدد کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔
انمول کولہے نے بتایا کہ امیت شاہ نے 14 دسمبر کو چیف منسٹر مہاراشٹرا ایکناتھ شنڈے اور چیف منسٹر کرناٹک بسواراج بومئی کی میٹنگ طلب کی ہے۔ ایم وی اے وفد نے امیت شاہ سے یہ بھی شکایت کی کہ گورنر مہاراشٹرا بھگت سنگھ کوشیاری اور بی جے پی کے بعض قائدین نے چھترپتی شیواجی کو برابھلا کہا ہے۔
وفد نے ایسے قائدین کے خلاف سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔ یکم مئی 1960 کو وجود میں آنے کے بعد سے حکومت ِ مہاراشٹرا کا دعویٰ ہے کہ 865 مواضعات بشمول بیلگاؤں (موجودہ بیلگاوی)‘ کاروار اور نپانی کو مہاراشٹرا میں ضم کیا جانا چاہئے تاہم کرناٹک اپنا علاقہ چھوڑنے کے لئے تیار نہیں۔