والد کی سالگرہ پر فرزند کا جذباتی پوسٹ
بی آر ایس کے کار گزار صدر کے ٹی راما راؤ نے پیر کے روز دعویٰ کیا کہ تلنگانہ کے عوام، بھارت راشٹراسمیتی کے سربراہ و سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کو ایک بار پھر ریاست کا چیف منسٹر دیکھنا چاہتے ہیں۔

حیدرآباد: بی آر ایس کے کار گزار صدر کے ٹی راما راؤ نے پیر کے روز دعویٰ کیا کہ تلنگانہ کے عوام، بھارت راشٹراسمیتی کے سربراہ و سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کو ایک بار پھر ریاست کا چیف منسٹر دیکھنا چاہتے ہیں۔
کے سی آر کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر تلنگانہ بھون میں جو بی آر ایس کا ہیڈکوارٹر بھی ہے، پارٹی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے یہ دعویٰ کیا۔ کے سی آر کی سالگرہ کے موقع پر کے ٹی آر نے پارٹی قائدین کے ساتھ مل کر 71 کیلو وزنی کیک کاٹا۔
پارٹی قائدین اور ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست کے عوام، ایک بار پھر کے سی آر کو چیف منسٹر کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ آئیے! ہم سب سخت محنت کرتے ہوئے کے سی آر کو ریاست کا دوربارہ چیف منسٹر بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر، تلنگانہ کے ہیرو ہیں۔
انہوں نے ایسے وقت تلنگانہ تحریک چلائی جب کسی میڈیا کی تائید بھی نہیں تھی۔ تمام رکاوٹوں، مصائب کے باوجود بہادری سے تحریک کو آگے لے گئے حتیٰ کہ کے سی آر نے اپنی جان کو بھی جوکھم میں ڈال دیا یہ سب انہوں نے حصول تلنگانہ کے لئے کیا۔ قبل ازیں ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے ”کے ٹی آر نے کہا کہ کے سی آر کا بیٹا ہونے پر مجھے فخر ہے۔ میں فخر کے ساتھ کہتا ہوں کے سی آر، صرف میرے ہی نہیں بلکہ وہ پورے تلنگانہ کے ہیرو ہیں۔
میرے والد نے یہ بتادیا کہ خواب کے معنی و مفہوم کیا ہوتے ہیں۔ بے لگام عزم کے ساتھ دیوانہ وار نکلنا، ناانصافیوں کے خلاف سینہ سپر ہوجانا اور فخر کے ساتھ یہ بتانا کہ خواب کو ایسا شرمندہ تعبیر کیا جاسکتاہے۔ تلنگانہ کے خواب کے لئے محبت کرنا، اس کے لئے لڑنا اور اپنی زندگی کے بارے میں سوچے بغیر اسے حقیقت میں بدلنا ہے“۔
اپنے پوسٹ میں کے ٹی آر نے یہ بات کہی۔ انہوں نے مزید تحریر کیا کہ ”آپ (والد) جو بھی ہیں اس کا صرف ایک فیصد حصہ بننا میرا خواب ہے۔ میرا مقصد یہ ہے کہ میں ایسا انسان بنو جس پر آپ فخر سے کہہ سکیں کہ یہ میرا بیٹا ہے!۔ آپ سے میرا یہ وعدہ ہے کہ میرے زندگی کا ایک ایک لمحہ اس جدوجہد، اس ریاست اور اس وراثت کے لائق بننے کی بھر پور کوشش کرے گا۔ میری پوری زندگی کے لئے آپ کی تحریک کے لئے بہت بہت شکریہ!۔
سالگرہ بہت بہت مبارک! والد محترم!“۔ کے ٹی آر نے ایکس پر پوسٹ تحریر کرتے ہوئے اپنے والد کو جذباتی انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔ بی آر ایس کے سینئر قائد و سابق وزیر ٹی ہریش راؤ جو بی آر ایس کے سربراہ کے بھانجے ہیں، نے کہا کہ جب کے سی آر کو دیکھا تو میں روپڑا۔ وہ، علیحدہ تلنگانہ کے لئے اپنی زندگی کو داؤ پر لگاکر بھوک ہڑتال پر تھے۔ ”کے سی آر 11 دنوں تک بھوک ہڑتال پر تھے۔ وہ قابو سے باہر تھے اور کانپ رہے تھے مگر اس کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری“۔ ہریش راؤ نے یہ بات بتائی۔