بی آر ایس اور کانگریس ایک سکہ کے دورخ: کشن ریڈی
کشن ریڈی نے کہا کہ جس دن اپوزیشن اپنی سازش میں کامیاب ہوگا اُس دن یہ عظیم ملک آگکی نذر ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل تلنگانہ آج ایک خاندان کے شکنجہ میں جکڑا ہوا ہے۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ کانگریس اور بی آر ایس ایک ہی سکہ کے دو رخ ہیں۔ آج گھر گھر بی جے پی پروگرام میں شرکت کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے پیش قیاسی کی کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے بعد تلنگانہ میں بی جے پی کی ہی حکومت بنے گی۔
انہوں نے کانگریس کو بجھتا ہوا چراغ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے بعد کانگریس قائدین کا بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلینا طئے ہے اور بی جے پی ہی کے ذریعہ تلنگانہ میں جمہوریت کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت میں ملک میں مضبوط حکومت ہے۔
اور بدعنوان سیاسی جماعتیں اس مضبوط و مستحکم حکومت کو ختم کرنے کوشاں ہیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ جس دن اپوزیشن اپنی سازش میں کامیاب ہوگا اُس دن یہ عظیم ملک آگکی نذر ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل تلنگانہ آج ایک خاندان کے شکنجہ میں جکڑا ہوا ہے۔ کے سی آر کا خاندان کروڑہا روپے کی ہیرا پھیری کرتے ہوئے اسی دولت کے سہارے پھر ایک بار حکومت بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ریاست میں بی آر ایس کا متبادل صرف بی جے پی ہی ہے۔