کھیل

بابر اعظم ایک بار پھر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کو دوبارہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کردیا۔

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کو دوبارہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کردیا۔

متعلقہ خبریں
بابر کے چیک پر انعامی رقم مختلف درج، تصویر پر دلچسپ تبصرے
سرفراز کی کپتانی میں کھیلا، بہت کچھ سیکھا اور ڈانٹ بھی کھائی: بابر اعظم
آئی سی سی رینکنگ: اشون ٹسٹ بولرس کی رینکنگ میں پہلے مقام پر
بابر اعظم آئی سی سی ایوارڈ کیلئے نامزد
بابراعظم کو ہندوستان کے اسپورٹس نصاب میں شامل کرلیاگیا

پی سی بی کی جانب سے ’ایکس‘ پر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کی متفقہ تجویز کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بابر اعظم کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا وائٹ بال (ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) کپتان مقرر کر دیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی نے بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کی پیشکش کی تھی جبکہ مایہ ناز بلے باز نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

’ڈان‘ نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی بابر اعظم کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان بنانا چاہتا تھا تاہم بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی قیادت کا مطالبہ کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید بات چیت کے لیے پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے کاکول جاکر بابر اعظم سے ملاقات کا فیصلہ کیا۔

دوسری جانب ذرائع نے موجودہ ٹی 20 کپتان شاہین آفریدی سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ وہ کپتان کی تبدیلی کی خبروں سے ناخوش ہیں۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد 15 نومبر 2023 میں بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس سے استعفیٰ دےدیا تھا، استعفے کے بعد پی سی بی نے ٹی 20 ٹیم کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان مقرر کیا تھا۔

تاہم 25 مارچ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان ایک بار پھر تبدیل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں اور آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کے لیے شاہین آفریدی کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ بابر اعظم نے ورلڈکپ سمیت 71 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی ہے، وہ 52 ٹیسٹ، 117 ون ڈے، 109 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔