بی آرایس لیڈر ملیکارجن گوڑ گرفتار۔تلنگانہ کے میدک ٹاؤن میں کشیدگی
جیسے ہی بی آر ایس لیڈر کو پولیس اسٹیشن لایا گیا، پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجاً پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ کر لیا۔ پولیس اس معاملہ میں اب تک 13 بی آر ایس کارکنوں کو گرفتار کر چکی ہے جبکہ بی آر ایس قائدین نے ان تمام مقدمات کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے میدک ٹاؤن میں اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب پولیس نے بی آر ایس کے سینئر لیڈر اور سابق میونسپل چیئرمین ملیکارجن گوڑ کو گرفتار کر لیا۔ ہفتہ کی صبح پولیس کی بھاری تعداد گوڑ کی رہائش گاہ پہنچی اور انہیں حراست میں لے لیا۔
ملیکارجن گوڑ پر کانگریس کے مقامی ایم ایل اے ایم روہت پر اقدامِ قتل اور ایک دلت خاتون کارکن کے ساتھ بدسلوکی کے الزام میں ایس سی، ایس ٹی مظالم ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
جیسے ہی بی آر ایس لیڈر کو پولیس اسٹیشن لایا گیا، پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجاً پولیس اسٹیشن کا گھیراؤ کر لیا۔ پولیس اس معاملہ میں اب تک 13 بی آر ایس کارکنوں کو گرفتار کر چکی ہے جبکہ بی آر ایس قائدین نے ان تمام مقدمات کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
بی آر ایس قائدین نے دعوی کیا کہ ملیکارجن گوڑ کی قیادت میں کارکنوں نے بلدی انتخابات کی مہم کے دوران ایم ایل اے اور ان کے ساتھیوں کو مبینہ طور پر ووٹرس میں نقدی اور شراب تقسیم کرنے سے روکنے کی کوشش کی تھی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اس تصادم کے دوران ایم ایل اے نے اپنی گاڑی بی آر ایس کارکنوں پر چڑھا دی جس سے کم از کم چار افراد زخمی ہوئے۔
بی آر ایس قائدین کا دعویٰ ہے کہ اصل متاثرین وہ خود ہیں کیونکہ ایم ایل اے اور ان کے حامیوں نے ان پر حملہ کیا تھا، لیکن پولیس نے کانگریس ایم ایل اے کے دباؤ میں آکر الٹا ان ہی کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔