بی آر ایس 3 دسمبر کو ہٹ ثابت ہوگی: کے ٹی آر
بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ 3 دسمبر کے بعد بی آر ایس ہٹ ثابت ہوگی۔

حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ 3 دسمبر کے بعد بی آر ایس ہٹ ثابت ہوگی۔
آج ویملواڑہ میں منعقدہ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جس طرح کے ملک کے مایہ ناز کھلاڑی ویراٹ کوہلی نے 49 ویں سنچری بنائی ہے اسی طرح بی آر ایس بھی سنچری اسکور کرے گی۔ کے ٹی راماراؤ نے کہاکہ ہمارے تلنگانہ کی کہانی اسکرین پلے ہدایت کار ہمارے اپنے محبوب و مقبول عام قائد کے سی آر ہیں اور یہ زبردست کامیاب رہے گا۔
دوسری طرف کانگریس کے پروڈیوسر‘ڈائرکٹر فینانسر کرناٹک اور دہلی کے ہیں۔ بی جے پی کے پروڈیوسر ڈائرکٹر اور فینانسر گجراتی ہیں اور ان جماعتوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا طے ہے جہاں بی آر ایس بلاک بسٹر ہے وہیں کانگریس اور بی جے پی ڈیزاسٹر ہے۔
کے ٹی راماراؤ نے کہاکہ تلنگانہ پر کس کی حکومت ہونی چاہئے اس کافیصلہ مودی یا راہول کے ہاتھ میں نہیں بلکہ تلنگانہ کے عوام کے ہاتھوں میں ہے۔
اگر یہ حق دہلی اور گجرات میں بیٹھے لوگوں کو دیاگیا تو ہر6ماہ میں ایک چیف منسٹر تبدیل ہوگا۔ غیر ضروری حرکتوں سے عوام کو پریشانی کی نذر کردیا جائے گا۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ یہ نہ سمجھیں کہ ویملواڑہ سے لکشمی نرسمہا راؤ مقابلہ کررہے ہیں بلکہ یہ تصور کرتے ہوئے حق رائے دہی سے استفادہ کریں کہ ان کے سامنے ہمارے ہردلعزیز قائد کے چندر شیکھر راؤ ہیں۔
اگر باہر کی جماعتوں کو ووٹ دیاگیا تو دہلی اور گجرات کو اپنے آپ پر مسلط کرنے کی دعوت دینے کے برابر ہے‘پھر جو کچھ ناانصافی ہوگی پریشان ہم کو ہی ہوناپڑے گا۔ ہمارے سامنے ویملواڑہ کا مستقبل ہے۔ ہم کو اس علاقہ کو ترقی یافتہ بناناہے۔ اگر آپ بی آر ایس کو کامیاب بناتے ہیں تو آپ سے وعدہ کرتاہوں کہ وہ ویملواڑہ کو اڈاپٹ کریں گے۔
ترقی اور خوشحالی کا نمونہ بنادیں گے۔ انہوں نے کہاکہ راہول کے نانا نے ریاست حیدرآباد کو زبردستی آندھرا میں ضم کیاتھا‘جس کے بعد سے علاقہ میں استحصال کاآغاز ہوا۔ راہول کی دادی اندرا گاندھی نے 6نکاتی فارمولہ کی دھجیاں اڑادی تھیں۔ بار بار علحدہ تلنگانہ کے مطالبہ کو کچل دیاگیا۔ مگر کے سی آر کی سنجیدہ کوشش‘ 14 سالہ جدوجہد کے بعد علحدہ ریاست تلنگانہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔
آج راہول آکر6 گیارنٹیز کا ذکر کررہے ہیں مگر30 نومبر کو تلنگانہ کے عوام چھکا مارکر راہول کو اپنا دم خم اور ارادے بتادیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے عوام کو کے سی آر پر بھر پور اعتماد ہے ہم اب کس کے بھروسہ‘جذبات کے بہکاوئے میں نہیں آئیں گے۔
کے ٹی آر نے کہاکہ بی آر ایس کا مقابلہ کانگریس سے ہے اور ہم کانگریس کو عوام کی مدد سے اپنی طاقت اور صلاحیت سے واقف کرادیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ تلنگانہ میں مقابلہ نظریات افکار اور دو پارٹیوں کے درمیان ہے۔
ایک پارٹی نے عوام کا قدم قدم پر استحصال کیا‘دھوکہ دیا اور دوسری جماعت نے ان استحصالی قوتوں کا مقابلہ کرتے ہوئے نہ صرف خوابوں کی ریاست کے قیام کو یقینی بنایا بلکہ مختصر سے عرصہ میں ریاست کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ کے ٹی راما راؤ نے عوام کو ان تمام باتوں پر غور و خوض کرنے کے بعد ووٹ کااستعمال کرنے کامشورہ دیا۔