سوشیل میڈیاقومی

ترنگے میں لپٹ کر گھر لوٹے بی ایس ایف جوان ارشاد احمد، پیچھے چھوڑ گئے ڈیڑھ سالہ معصوم، بیوہ اور بوڑھے والدین

اترپردیش کے ضلع بلیا میں ایک بی ایس ایف جوان کی موت سے اس کے آبائی گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ سرحد کی حفاظت پر تعینات جوان ارشاد احمد کا جسد خاکی اتوار کی شام ترنگے میں لپٹا ہوا ان کے آبائی گاؤں سنگھ پور پہنچا تو ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔

بلیا: اترپردیش کے ضلع بلیا میں ایک بی ایس ایف جوان کی موت سے اس کے آبائی گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ سرحد کی حفاظت پر تعینات جوان ارشاد احمد کا جسد خاکی اتوار کی شام ترنگے میں لپٹا ہوا ان کے آبائی گاؤں سنگھ پور پہنچا تو ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔ اپنے بہادر سپوت کو آخری وداعی دینے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے۔

ضلع بلیا کے فیپھنا علاقے کے سنگھ پور گاؤں کے رہنے والے ارشاد احمد، آشومحمد کے فرزند تھے۔ وہ بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ اہل خانہ کے مطابق ان کی تعیناتی پنجاب کے موہالی میں تھی۔ ان کی موت کی خبر ملتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا اور پورا گاؤں سوگ میں ڈوب گیا۔

ارشاد احمد چار بھائیوں میں سب سے بڑے تھے اور خاندان کی اہم ذمہ داریاں انہی کے کندھوں پر تھیں۔ ان کے پسماندگان میں والدین اور صرف ڈیڑھ سال کا ایک بیٹا شامل ہے۔ کمسن بچے کو شاید ابھی یہ احساس بھی نہیں کہ اس کے والد اب کبھی واپس نہیں آئیں گے۔ والدین اپنے جوان بیٹے کی موت سے صدمے میں ہیں اور ان کا رو رو کر برا حال ہے۔

اتوار کی شام جب ارشاد احمد کا جسد خاکی گاؤں پہنچا تو آخری دیدار کے لیے لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔ بی ایس ایف کے جوانوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کرتے ہوئے آخری سلامی دی۔ اس کے بعد نمازِ جنازہ ادا کی گئی اور پورے فوجی اعزاز کے ساتھ انہیں سپردِ خاک کردیا گیا۔

آخری رسومات کے دوران بھارت ماتا کی جئے اور ارشاد احمد امر رہیں کے نعرے گونجتے رہے۔ ایک جانب ملک کی خدمت کرنے والے جوان کو کھونے کا غم تھا تو دوسری جانب ایک خاندان اپنے سب سے بڑے سہارے سے محروم ہوگیا۔ پیچھے بوڑھے والدین اور والد کی راہ تکنے والا ڈیڑھ سالہ معصوم بیٹا رہ گیا۔