تعلیم و روزگارتلنگانہ

انٹرمیڈیٹ طلبہ کیلئے اہم اعلان، اسکالرشپ کیلئے آخری تاریخ کا اعلان

تازہ اور تجدیدی درخواستیں 30 نومبر تک آن لائن داخل کرنے کی سہولت، ادارہ جاتی نوڈل آفیسرز کو 15 دسمبر تک تصدیق مکمل کرنے کی ہدایت۔

حیدرآباد : تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے قومی میرٹ اسکالرشپ کے لیے تازہ اور تجدیدی درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 نومبر 2026 مقرر کیے جانے کا اعلان کیا ہے۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق مرکزی حکومت کی وزارتِ تعلیم کے تحت کالج اور یونیورسٹی طلبہ کے لیے مرکزی شعبہ اسکالرشپ اسکیم کے تحت قومی اسکالرشپ کی تازہ اور تجدیدی درخواستیں 30 نومبر 2026 تک آن لائن داخل کی جاسکتی ہیں۔

یہ سہولت ان تمام طلبہ کے لیے ہے جنہوں نے انٹرمیڈیٹ پبلک امتحانات 2026 میں کامیابی حاصل کی ہے اور جو تازہ درخواستیں داخل کرنے کے اہل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ طلبہ جنہیں پہلے قومی اسکالرشپ کے لیے منتخب کیا جاچکا ہے، تعلیمی سال 2026-27 کے لیے اپنی اسکالرشپ کی تجدید کے لیے درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔

بورڈ نے واضح کیا کہ تازہ اور تجدیدی دونوں درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 نومبر 2026 ہے،۔جبکہ ادارہ جاتی نوڈل آفیسر کی جانب سے درخواستوں کی تصدیق کی آخری تاریخ 15 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ اہل طلبہ قومی اسکالرشپ پورٹل www.scholarships.gov.in کے ذریعہ آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔

بورڈ کے مطابق انٹرمیڈیٹ پبلک امتحانات 2026 میں عارضی طور پر منتخب کردہ امیدواروں کی مجموعی ٹاپ 20 پرسنٹائل فہرست میں 66,358 طلبہ شامل ہیں، جن میں جنرل زمرے کے 19,567، او بی سی کے 36,866، ایس سی کے 9,023، ایس ٹی کے 5,446 اور معذور زمرے (PH) کے 136 امیدوار شامل ہیں۔ امیدواروں کی فہرست تلنگانہ بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ \ https://tgbienew.cgg.gov.in\ پر دستیاب ہے۔