حیدرآباد میں کیب، آٹو اور ڈلیوری سروسز بند، ہزاروں ڈرائیوروں اور گیگ ورکرز کی ریاست گیر ہڑتال
یہ ہڑتال تلنگانہ گیگ اینڈ پلیٹ فارم ورکرز یونین (TGPWU) اور تلنگانہ ایپ بیسڈ ڈرائیورز فورم کی مشترکہ اپیل پر کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں کیب ڈرائیور، آٹو ڈرائیور، فوڈ ڈلیوری پارٹنرز، کوریئر ورکرز اور مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے حصہ لیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ میں آج کیب، آٹو اور ڈلیوری خدمات سے وابستہ ہزاروں کارکنوں نے اپنی مختلف مطالبات کے حق میں ریاست گیر ہڑتال کی، جس کے باعث حیدرآباد سمیت کئی شہروں میں آن لائن ٹیکسی اور ڈلیوری سروسز متاثر ہوئیں۔
یہ ہڑتال تلنگانہ گیگ اینڈ پلیٹ فارم ورکرز یونین (TGPWU) اور تلنگانہ ایپ بیسڈ ڈرائیورز فورم کی مشترکہ اپیل پر کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں کیب ڈرائیور، آٹو ڈرائیور، فوڈ ڈلیوری پارٹنرز، کوریئر ورکرز اور مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے حصہ لیا۔
ہڑتال کے باعث مختلف رائیڈ شیئرنگ اور آن لائن ڈلیوری پلیٹ فارمز کی خدمات کئی علاقوں میں جزوی طور پر متاثر رہیں، جبکہ مسافروں کو کیب بک کرنے اور کھانے سمیت دیگر اشیاء کی ڈلیوری حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے کم آمدنی، بڑھتے ہوئے ایندھن کے اخراجات، زیادہ کمیشن کٹوتی اور مناسب مراعات نہ ملنے جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت اور متعلقہ کمپنیاں فوری طور پر کرایوں اور ڈلیوری چارجز میں مناسب اضافہ کریں تاکہ کارکنوں کو بہتر آمدنی حاصل ہو سکے۔
کارکنوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ گیگ اور پلیٹ فارم ورکرز کے لیے سماجی تحفظ، انشورنس، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی مراعات فراہم کی جائیں، تاکہ انہیں محفوظ اور باوقار روزگار میسر آ سکے۔
یونین رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پر جلد مثبت پیش رفت نہیں ہوئی تو آئندہ دنوں میں احتجاج کو مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب ہڑتال کے باعث شہریوں کو آمد و رفت اور آن لائن خدمات کے حصول میں مشکلات پیش آئیں، جبکہ عوام نے حکومت اور متعلقہ کمپنیوں سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کا جلد از جلد حل نکالا جائے تاکہ کارکنوں کے حقوق بھی محفوظ رہیں اور عوام کو بھی سہولتیں بلا تعطل فراہم کی جا سکیں۔