ایر پورٹ پر خاتون مسافر کو ہراساں کرنے کے الزام میں عہدیدار کے خلاف کیس درج
سری لنکا کی ایک خاتون مسافر کی شکایت کے بعد پولیس نے یہاں انٹر نیشنل ایر پورٹ شمس آباد کے ایک ایمیگریشن عہدیدار کے خلاف کیس درج کرلیا۔
حیدرآباد: (پی ٹی آئی) سری لنکا کی ایک خاتون مسافر کی شکایت کے بعد پولیس نے یہاں انٹر نیشنل ایر پورٹ شمس آباد کے ایک ایمیگریشن عہدیدار کے خلاف کیس درج کرلیا۔
خاتون مسافرنے ٹرانزٹ ہالٹ کے دوران انہیں بار بار طلب کرنے اور انہیں ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا۔ پولیس نے چہارشنبہ کے روز یہ بات بتائی۔ اس خاتون مسافر جو طالبہ بتائی جاتی ہے، 3/ اگست کو ایر پورٹ سے باہر نکل رہی تھیں، نے دعویٰ کیا کہ ایمیگریشن عہدیدار نے ان سے کہا کہ آپ میرے ساتھ شہر دیکھنے کیلئے ایر پورٹ سے نکلیں۔
اپنی شکایت میں خاتون نے کہا کہ جب وہ ایمیگریشن کا ونٹر پر تھیں تب اس عہدیدار نے مجھے اپنا فون نمبر بھی دیا اور کہا کہ آپ کو جب کبھی ضرورت پڑے، مدد کیلئے مجھے فون کرلیں۔
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ عہدیدار نے بعد میں مجھے کئی بار فون بھی کیا اور مجھے، ایرپورٹ کے پارکنگ لاٹ پر ملنے کی دعوت دی تاکہ وہ میرے ساتھ ہاہر جاسکے۔
طالبہ نے کہا کہ میں نے اس بارے میں میرے دوستوں سے بات کی جس پر انہوں نے مجھے پولیس سے رجوع ہونے کا مشورہ دیا۔ خاتون مسافر کی شکایت پر پولیس نے عہدیدار کے خلاف بی این ایس کی دفعات کے تحت کیس درج کرلیا اور پولیس معاملہ کی جانچ کررہی ہے۔