تلنگانہ

تلنگانہ قیام کے 10سالہ جشن، عوام کو چیف منسٹر کی مبارکباد

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے یوم تاسیس ِ تلنگانہ کے دس سالہ جشن کے موقع پر ریاست کی عوام کو دلی مبارکباد دی۔

حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے یوم تاسیس ِ تلنگانہ کے دس سالہ جشن کے موقع پر ریاست کی عوام کو دلی مبارکباد دی۔ عوام کے نام اپنے پیغام میں چیف منسٹر نے کہا تلنگانہ جس کیلئے عوام نے مل کرجد وجہد کی اور حاصل کیا، اپنے قیام کے دس سال مکمل کرنے کے بعد گیار ہویں سال میں داخل ہو رہی ہے۔

متعلقہ خبریں
چیف منسٹر پر کذب بیانی کے ٹی آر کا الزام
تلنگانہ کی کل یوم تاسیس تقاریب۔ ٹینک بنڈ پر کلچرل اور فوڈ کارنیولس
چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مرکزی ٹیم کی ملاقات
ڈی ایس سی اور دیگر امتحانات ملتوی نہیں ہوں گے
ڈی سرینواس کا تعزیتی اجلاس۔ چیف منسٹر مدعو

چیف منسٹر نے ریاست کے حصول کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کویاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے تمام شعراء‘ فنکاروں‘طلباء‘اساتذہ، ملازمین، دانشوروں، صحافیوں، وکلاء‘ کارکنوں‘ کسانوں، خواتین اور سیاسی پارٹیوں کے قائدین کو بھی مبارکباد دی جنہوں نے تحریک تلنگانہ میں حصہ لیا اور بیشمار قربانیاں دیتے ہوئے خوابوں کی ریاست تلنگانہ کو شرمندہ تعبیر کیا۔

چیف منسٹر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سال 2 جون کا دن کافی اہم ہے اور اس دن ریاست تلنگانہ کی مکمل خود مختاری حاصل ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے پی تنظیم جدید ایکٹ کے تحت حیدرآباد جو اب تک مشترکہ دارالحکومت رہا تھا اب صرف تلنگانہ کا دارالحکومت بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب سے تعلیم روزگار کے مواقع کا بڑا حصہ ہماری ریاست کے لوگوں کو ہی مل جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت تلنگانہ کے عوام کی امیدوں اور امنگوں کے مطابق ریاست کی تعمیر نو کا کام کرے گی۔

چیف منسٹر نے یقین دلایا کہ تباہی کا شکار محکمہ جات کو نہ صرف بہتری کی طرف لایا جائے گا بلکہ جمہوری ماحول بھی بحال کیا جائے گا جوتلنگانہ میں گزشتہ دس سالوں میں معدوم ہوگیا تھا۔

چیف منسٹر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تلنگانہ کے عوام ان پر کئے گئے اعتماد کو برقرار رکھیں گے اورانکی زیر قیادت حکومت‘ عوامی حکمرانی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کے منصوبوں اور نئی پالیسیوں کی تشکیل کا کام شروع کر دیاگیا ہے تاکہ ریاست تلنگانہ تمام شعبوں میں ملک کے لیے ایک مثال بن جائے۔