تلنگانہ کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے میں مرکز تعاون کرے: سریدھر بابو
وزیر آئی ٹی، کامرس اور صنعت سریدھر بابو نے مرکز سے درخواست کی کہ وہ آئندہ دہائی میں تلنگانہ کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے میں مدد کرے۔

حیدر آباد: وزیر آئی ٹی، کامرس اور صنعت سریدھر بابو نے مرکز سے درخواست کی کہ وہ آئندہ دہائی میں تلنگانہ کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے میں مدد کرے۔
ممبئی میں نیشنل بزنس کونسل کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے 84 لاکھ کروڑ روپے کی معیشت کے وژن کو حاصل کرنے کے لیے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے تجارتی انفراسٹرکچر فار ایکسپورٹ اسکیم (TIES) جیسی اسکیموں کے مسائل کو اجاگر کیا، جو ناکافی فنڈنگ کی وجہ سے توقعات پر پورا نہیں اتری ہیں۔
انہوں نے تلنگانہ کی معیشت کو فروغ دینے کے لیے کئی اقدامات تجویز کیے جیسے کہ نظام آباد میں ہلدی پاؤڈر اور رنگوں کی تیاری کے لیے ایک یونٹ کا قیام شامل ہے۔
سریدھر بابو نے کہا کہ مرچ کے معیار کو بڑھانے اور برآمدی منڈیوں میں مانگ کو پورا کرنے کے لیے کھمم یا محبوب آباد میں ایک ریپڈ ڈرائینگ پلانٹ قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کوالٹی سرٹیفکیشن کے لیے نظام آباد یا ورنگل میں مصالحہ ٹیسٹنگ لیاب قائم کرنے پر زور دیا۔ سریدھر بابو نے پھلوں اور سبزیوں کی شیلف لائف کو بڑھانے کے لیے سولار پلانٹ کے قیام کی بھی تجویز رکھی۔