حیدرآباد

صنعتی نمائش کا کل سے آغاز۔ ٹکٹ میں اضافہ

اعزازی سکریٹری نمائش سوسائٹی نامپلی وی سائی ناتھ دیا کر شاستری نے کہا کہ نمائش میں داخلہ ٹکٹ کی شرح 40 روپے مقرر کی گئی ہے۔

حیدرآباد: اعزازی سکریٹری نمائش سوسائٹی وی سائناتھ دیا کر شاستری نے کہا کہ یکم جنوری 2023 سے 82 ویں کل ہند صنعتی نمائش کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی سالانہ نمائش کا افتتاح کریں گے۔

آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ1938 میں پہلی بار، چھوٹے اور بڑے صنعت کاروں کے تیار کردہ مصنوعات کو فروخت کا موقع فراہم کرنے کیلئے نمائش کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا۔

سائناتھ دیا کر شاستری نے کہا کہ کل ہند صنعتی نمائش سے حاصل ہونے والی آمدنی کو تلنگانہ کے پسماندہ علاقوں میں فروغ تعلیم کیلئے قائم کردہ 19 تعلیمی اداروں پر خرچ کیا جاتا ہے جہاں ہر سال30,000 سے زیادہ طلبہ تعلیم سے مستفید ہورہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال کئی سرکاری ادارے بشمول پولیس، فائر ڈیزاسٹر مینجمنٹ، الکٹریسٹی، جی ایچ ایم سی، آر اینڈ بی، آر ٹی سی، میٹرو کی جانب سے نمائش کے کامیاب انعقاد میں تعاون کیا جاتا ہے۔ اس سال بھی یکم جنوری تا15 فروری(45 دنوں) کے لئے کل ہند صنعتی نمائش منعقد کی جارہی ہے۔

مختلف کمپنیز، مرکزی و ریاستی حکومت کے اداروں، پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگس، ملٹی نیشنل کمپنیز و دیگر تاجرین کیلئے دو ہزار اسٹالس، منظور کئے گئے ہیں۔ جن میں قابل ذکر آر بی آئی، یونین بینک، ہیلتھ ڈپارٹمنٹ، محکمہ جنگلات (حکومت تلنگانہ) اسمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بینک آف انڈیا، محکمہ محابس (حکومت تلنگانہ) کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز کمیشن، تلنگانہ ڈئیری ڈیولپمنٹ کوآپریٹیو فیڈریشن لمیٹڈ، تلنگانہ لیگل سرویس اتھاریٹی، حیدرآباد پولیس، مشن فار ایلی منیشن آف پاورٹی ان میونسپل ایریاز (جی ایچ ایم سی) ڈاکرا (حکومت تلنگانہ و آندھرا پردیش)، بجاج الکٹرانکس، انکت اسٹیڈیو، ہینڈ وئیر، تروملا ہاوزنگ لمیٹڈ، گوگئے پراپرٹیز، لائنس کلب، ایس وی آر انٹر پرائنرس قابل ذکر ہیں۔

شاستری نے بتایا کہ نمائش میدان میٹرولائن سے مربوط ہے۔ میٹرو ریل کی جانب سے عوام کی سہولت کے خاطر اضافی سرویس چلانے کیلئے رضا مندی ظاہر کی گئی ہے۔ نمائش کے ایام کے دوارن آر ٹی سی کی خصوصی بس سرویسس چلائی جائیں گی۔ دوسری طرف نمائش سوسائٹی کی جانب سے عوام کو سیروتفریح کا موقع فراہم کرنے کیلئے بھی نقائص سے پاک انتظامات کئے جارہے ہیں۔

ہمیشہ کی طرح اس بار بھی نمائش سوسائٹی کی جانب سے خواتین کو بااختیار، باشعور بنانے کے موضوع پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مقامی صنعت کاروں اور تجارتی گھرانوں کواپنے اپنے پراڈکٹس کی نمائش کیلئے مناسب وموزوں جگہ فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ نمائشوں کے دوران عوام کی بڑی تعداد نے خصوصی ویجیٹیرین فوڈ اسٹالس کا مطالبہ کیا تھا۔

عوام کے بے حد اصرار پر اس بار مکمل ویج فوڈ اسٹال جہاں حقیقی جنوبی ہند کی غذاؤں، ترکاری حلیم، کباب، فرانکیز اور چاٹ اسٹال قائم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال کی نمائش میں حفاظتی انتظامات پرخصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ نمائش میدان کے اطراف واکناف کے علاقوں میں مفت پارکنگ کا نظم کیا گیا ہے۔

کلچرل پروگرامس کیلئے اوپن ائیر تھیٹر قائم کیا گیا ہے۔ عوام کی حفاظت اور بہترین سیکوریٹی کی فراہمی کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ نظر رکھی جائے گی۔ اے ٹی ایم کی سہولت بھی دستیاب رہے گی۔ صاف شفاف پینے کا پانی مفت فراہم کیا جائے گا۔

یشودھا ہاسپٹل کی جانب سے ہیلتھ ڈسپنسری قائم کی جائے گی۔ عوام کی سہولت کیلئے کووڈ ویکسین کی سہولت رہے گی اور کسی بھی ناگہانی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے ایمبولنس خدمات ہمیشہ تیار رہے گی۔

اعزازی سکریٹری نمائش سوسائٹی نامپلی وی سائی ناتھ دیا کر شاستری نے کہا کہ نمائش میں داخلہ ٹکٹ کی شرح 40 روپے مقرر کی گئی ہے۔پریس کانفرنس میں نمائش سوسائٹی کے عہدیداران اور دیگر شریک تھے۔