این ڈی اے اجلاس میں شرکت کرنے چندرابابو نائیڈو کی ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت (ویڈیو)
تلگودیشم سربراہ این چندرابابو نائیڈو نے پارٹی کے تمام ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ جمعہ کو نئی دہلی میں ہونے والے این ڈی اے کے اجلاس میں شرکت کریں۔

حیدرآباد: تلگودیشم سربراہ این چندرابابو نائیڈو نے پارٹی کے تمام ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ جمعہ کو نئی دہلی میں ہونے والے این ڈی اے کے اجلاس میں شرکت کریں۔
آندھراپردیش میں تلگودیشم نے لوک سبھا کی 16 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
تلگودیشم،بی جے پی اور جناسینا نے ریاست کی 25 کی منجملہ 21نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ نائیڈو نے اندوالی میں واقع اپنی قیام گاہ پر پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد کیا۔
انہوں نے انتخابات میں پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام تلگودیشم ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ جمعرات کی شب قومی دارالحکومت پہنچ جائیں۔
اسی دوران آئی اے ایس، آئی پی ایس عہدیداروں کے علاوہ تلگودیشم پارٹی کے لیڈروں کا تانتا چندرابابو نائیڈو کی قیام گاہ پر دیکھا گیا۔
سابق اڈیشنل ڈی جی پی پی ایس آر انجینیلو بھی آج صبح ان سے خیرسگالی ملاقات کے لئے پہنچے تاہم ان کوسکیورٹی عہدیداروں نے نائیڈو سے ملاقات کی اجازت نہیں دی کیوں کہ نائیڈو نے انہیں ملاقات کا وقت نہیں دیا۔
ایک اور سینئر آئی پی ایس عہدیدار و آئی جی پی رگھورامی ریڈی جنہوں نے ایس آئی ٹی کے سربراہ کے طور پر اسکل ڈیولپمنٹ کیس میں چندرابابو نائیڈو کو گرفتار کیا تھا، آج صبح نائیڈو سے ملاقات کے لئے ان کی قیام گاہ پہنچے تاہم نائیڈو نے ان سے ملاقات سے انکار کیا۔ رگھورامی ریڈی کے تمام عہدے چھین لئے گئے۔
ان کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ گذشتہ روز پولیس ہیڈکوارٹرس پر رپورٹ کریں۔ وہ بھی نائیڈو سے ملاقات کے بغیر چلے گئے۔ موظف اڈیشنل ڈی جی پی اے بی وینکٹیشورراو نے نائیڈو سے ملاقات کی۔
وینکٹیشورراو 6 دن پہلے اپنے عہدہ سے سبکدوش ہوگئے۔ تلگودیشم کے ذرائع کے مطابق بیشتر آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں نے چندرابابونائیڈو سے فون پر بات کرنے کی کوشش کی تاہم نائیڈو نے ان سے بات کرنے سے انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق سینئر آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیدار جنہوں نے کئی تلگودیشم لیڈروں کو گرفتار کیا تھا، مقدمہ درج کئے تھے کی شبیہہ متاثر ہوئی ہے کیوں کہ ایسا سمجھا جارہا ہے کہ وہ وائی ایس آر کانگریس کے حامی تھے۔
اب یہ عہدیداراپنے مستقبل کے بارے میں فکر مندہیں۔چندرابابو نائیڈو کل این ڈی اے کے اجلاس میں شرکت کے لئے دہلی جائیں گے۔