الیکشن کے بعد ریونت ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت طئے، بی آر ایس ایم ایل ایز کا دعویٰ
بی آرایس کے سابق ارکان اسمبلی بی سمن، کرانتی کرن اور این نریندر نے آج تلنگانہ بھون میں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے قریبی، ریونت ریڈی مودی کے اور قریب ہوگئے ہیں۔ ملک کے کسی بھی کانگریس کے چیف منسٹر نے اس طرح مودی کی قربت حاصل نہیں کی۔
حیدرآباد: بی آر ایس قائدین نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی، بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے۔ جس طرح شیوسینا کے ایکناتھ شنڈے،ہیمنت بسوال نے بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے اُسی طرح ریونت ریڈی بھی ان کے نقش قدم پر چل کر کانگریس کو دھوکہ دیں گے اور وہ تلنگانہ سے کانگریس کا خاتمہ کردیں گے۔
بی آرایس کے سابق ارکان اسمبلی بی سمن، کرانتی کرن اور این نریندر نے آج تلنگانہ بھون میں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے قریبی، ریونت ریڈی مودی کے اور قریب ہوگئے ہیں۔ ملک کے کسی بھی کانگریس کے چیف منسٹر نے اس طرح مودی کی قربت حاصل نہیں کی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بیگم پیٹ ایر پورٹ پر 2 گھنٹوں تک چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنے سیاسی گرو چندرا بابو سے گفتگو کی تھی۔ اطلاع کے مطابق صدر تلگودیشم پارٹی این چندرا بابو نائیڈو بیگم پیٹ ایر پورٹ پر ریونت ریڈی سے ملاقات کرنے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کے لئے دہلی روانہ ہوگئے تھے۔
چندرا بابو نائیڈؤ نے امیت شاہ سے وعدہ کیا کہ پارلیمانی انتخابات کے بعد ان کے شاگرد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو بی جے پی میں شامل کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی نے اشتہارات سے، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ کی تصویر ہٹا دی ہے۔
پارلیمانی انتخابات کے بعد جو اشتہارات دئیے جائیں گے ان میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ ریونت ریڈی کی تصویر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی نے چندرا بابو نائیڈؤ کی ہدایت پر تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے والوں پر بندوق تان لی تھی۔
انہوں نے تلنگانہ کے عوام سے درخواست کی کہ وہ ریونت ریڈی کے موافق بی جے پی رحجان پر نظر رکھیں اور آئندہ انتخابات میں وہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرکے ان کے عزائم کو ناکام بنائیں۔
واضح رہے کہ ایک دن قبل بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے پیش قیاسی کی تھی کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے۔انہوں نے ریونت ریڈی کو تلنگانہ کا ایکناتھ شنڈے قرار دیا تھا۔