چندرابابو نائیڈو نے سینئر آئی اے ایس، آئی پی ایس عہدیداروں سے ملنے سے انکار کردیا
سینئر آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران، جنہوں نے ٹی ڈی پی کے کئی لیڈروں کو گرفتار کیا تھا اور وائی ایس آر سی پی کے پکے وفاداروں کے طور پر جانے جاتے تھے، اب اپنے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں۔
وجئے واڑہ: تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے سپریمو این چندرابابو نائیڈو کی یہاں انڈاولی واقع رہائش گاہ پر جمعرات کو بڑی تعداد میں سینئر آئی اے ایس، آئی پی ایس افسران اور سینئر لیڈران سے ملاقات کے لئے پہنچے ، حالانکہ انہوں نے کئی افسران سے ملنے سے انکار کردیا۔
ریٹائرڈ ایڈیشنل ڈی جی پی اے بی وینکٹیشور راؤ نے جمعرات کو نائیڈو سے ملاقات کی۔ وہ صرف چھ دن پہلے ریٹائر ہوئے تھے۔
سابق ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (انٹیلی جنس) پی ایس آر انجانیولو آج صبح مسٹر نائیڈو سے ملنے ان کی رہائش گاہ گئے۔ تاہم سیکورٹی حکام نے انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی کیونکہ ٹی ڈی پی سربراہ نے انہیں ملاقات کا وقت نہیں دیا تھا۔ اس کے بعد مسٹر انجانیولو وہاں سے واپس چلے گئے۔
ایک اور سینئر آئی پی ایس افسر اور آئی جی پی کولی رگھورامی ریڈی جنہوں نے ایس آئی ٹی کے سربراہ کی حیثیت سے مسٹر نائیڈو کو اسکل ڈیولپمنٹ کیس میں گرفتار کیا تھا، آج صبح ٹی ڈی پی سربراہ کی رہائش گاہ پر گئے لیکن انہوں نے بھی ان سے ملنا پسند نہیں کیا۔
اس سے کولی رگھورامی ریڈی کو تمام عہدوں سے ہٹا دیا گیا تھا اور بدھ کو پولیس ہیڈ کوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ ٹی ڈی پی ذرائع کے مطابق کئی سینئر آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران نے مسٹر نائیڈو سے فون پر بات کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے بات کرنے سے احتراز کیا۔
واضح رہے کہ سینئر آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران، جنہوں نے ٹی ڈی پی کے کئی لیڈروں کو گرفتار کیا تھا اور وائی ایس آر سی پی کے پکے وفاداروں کے طور پر جانے جاتے تھے، اب اپنے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر نائیڈو نے آج نو منتخب ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ میٹنگ کی اور وہ کل قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی میٹنگ میں شرکت کے لئے دہلی جا رہے ہیں۔