چندرشیکھر راو کی پارٹی قائدین سے ملاقات۔فون ٹیپنگ اوردیگر امور پرتبادلہ خیال
اس ملاقات میں ریاست کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اور خاص طور پر فون ٹیپینگ کیس کی تحقیقات میں ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جہاں کے چندرشیکھرراو نے حکام کی تفتیش کے طریقے اور حالیہ پیشرفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور رہنماؤں کو اس قانونی معاملہ سے نمٹنے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے سابق وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراو نے ایراولی میں واقع اپنے فارم ہاؤس پر بی آر ایس کے اہم قائدین کے ساتھ ملاقات کی جس میں پارٹی کے کارگزارصدرکے ٹی آر، سابق وزیر ہریش راؤ اور دیگر سینئر قائدین شریک ہوئے۔
اس ملاقات میں ریاست کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اور خاص طور پر فون ٹیپینگ کیس کی تحقیقات میں ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جہاں کے چندرشیکھرراو نے حکام کی تفتیش کے طریقے اور حالیہ پیشرفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور رہنماؤں کو اس قانونی معاملہ سے نمٹنے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ریاست میں ہونے والے آئندہ بلدی انتخابات پر بھی اپنی توجہ مرکوز کی اور پارٹی عہدیداروں کو نچلی سطح پر کیڈر کو متحرک کرنے اور حکومت کی ناکامیوں کو عوام تک پہنچانے کی ہدایت دی تاکہ پارٹی کارکنوں میں اعتماد بحال کیا جا سکے۔
اس ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ بلدی انتخابات کے نتائج پارٹی کے مستقبل کے لئے انتہائی اہم ہیں، اسی لئے تمام قائدین کو آپسی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے کامیابی کو یقینی بنانا چاہیے۔