تعلیم و روزگارتلنگانہ

جاریہ سال سے ایمسٹ کیلئے انٹر کا 25 فیصد وٹیج برخاست

تلنگانہ اسٹیٹ انجینئرنگ اگریکلچر اینڈ میڈیکل کامن انٹرنس ٹسٹ (ٹی ایس ایمسٹ) کے طلبہ کورواں سال سے انٹرنس ٹسٹ میں حاصل نشانات کی اساس پر ہی رینک دیئے جائیں گے۔

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ انجینئرنگ اگریکلچر اینڈ میڈیکل کامن انٹرنس ٹسٹ (ٹی ایس ایمسٹ) کے طلبہ کورواں سال سے انٹرنس ٹسٹ میں حاصل نشانات کی اساس پر ہی رینک دیئے جائیں گے۔

حکومت تلنگانہ نے اس سال سے انٹرمیڈیٹ کے 25 فیصد وٹیج کو ختم کرنے کا فیصلہ کیاہے اس سلسلہ میں استقدامی اثر کے ساتھ محکمہ اعلی تعلیمات نے چہارشنبہ کے روز 2011 میں جاری کردہ جی اونمبر 73 میں ترمیم کے احکام جاری کئے ہیں۔

جاریہ سال سے ایمسٹ کے طلبہ کوانٹرمیڈیٹ کے 25 فیصد ویٹج نہیں ملیں گے بلکہ ایمسٹ میں محصولہ نشانات کی اساس پرہی طلبہ کو رینک الاٹ کئے جائیں گے۔

مرممہ جی او میں بتایا گیا ہے کہ ایسے امیدوارو ں جنہوں نے ایمسٹ میں کوالیفائنگ نشانات حاصل کئے ہیں اور ایس سی‘ایس ٹی امیدواروں جنہیں کوالیفائنگ کے لئے اقل ترین نشانات مقرر نہیں کئے گئے تھے‘کوایمسٹ میں حاصل کردہ نشانات کی بنیاد پر ہی رینک تفویض کئے جائیں گے۔

رینک الاٹمنٹ میں تحفظات پرعمل کیاجائے گا۔ گزشتہ 2 برسوں کے دوران کووڈوباء کے پیش نظر حکومت نے اصول وضوابط وقاعدہ میں رعایت دی تھی جسے اب مکمل طورپر برخاست کردیاگیا ہے۔

یعنی جاریہ سال کے ایمسٹ میں امیدواروں کوانٹرمیڈیٹ سے 25 فیصد وٹیج نہیں ملاکریں گے۔ ایمسٹ2023 کااگریکلچر ٹسٹ 10 اور 11مئی کو منعقد ہوگا جبکہ انجینئرنگ ٹسٹ 12 سے 14 مئی کو مقرر ہے۔ دونوں ٹسٹ دوسیشنوں میں منعقد ہوں گے اوقات کار 9بجے صبح سے 12بجے دن اور 3 بجے سہ پہر سے 6بجے شام رہیں گے۔