منوگوڑو میں انتخابی نشان کی تبدیلی ۔ مرکزی الیکشن کمیشن کی ریٹرننگ آفیسر پر برہمی
مرکزی الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ آفیسرسے پوچھا کہ یہ فیصلہ کیوں لیا گیا ہے اس سلسلہ میں وضاحت کی جائے؟ مرکزی الیکشن کمیشن نے ریاستی الیکشن کمشنر کو ہدایت دی ہے کہ وہ شام تک اس خصوص میں رپورٹ پیش کرے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے حلقہ اسمبلی منوگوڑو کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں انتخابی نشان کی تبدیلی کا مرکزی الیکشن کمیشن نے سخت نوٹ لیا اور منوگوڑو کے ریٹرننگ آفیسر پربرہمی کا اظہار کیا۔ےُگا تلسی پارٹی کے امیدوارکے شیواکمار کو الاٹ کردہ روڈ رولر انتخابی نشان کی تبدیلی کو مرکزی الیکشن کمیشن نے مسترد کردیا اورمنوگوڑو کے امیدواروں کو الاٹ کردہ نشانات کی فہرست میں تبدیلی پر زوردیا۔
مرکزی الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ آفیسرسے پوچھا کہ یہ فیصلہ کیوں لیا گیا ہے اس سلسلہ میں وضاحت کی جائے؟ مرکزی الیکشن کمیشن نے ریاستی الیکشن کمشنر کو ہدایت دی ہے کہ وہ شام تک اس خصوص میں رپورٹ پیش کرے۔
اس ہدایت کے پیش نظر فارم سات میں انتخابی عہدیدار کی جانب سے الاٹ کردہ نشانات کی فہرست پر نظرثانی کی گئی ہے اور شیواکمار کو دوبارہ روڈ رولر نشان الاٹ کرتے ہوئے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیاگیا ہے۔اس سلسلہ میں تبدیل شدہ نشانات کے ساتھ بیالٹ طبع کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔
امیدوار شیواکمار نے مرکزی الیکشن کمیشن سے شکایت کرتے ہوئے قبل ازیں کہاتھا کہ انہیں روڈرولر انتخابی نشان الاٹ کرنے کے بعد بے بی واکر کا نشان دیا گیا ہے۔ اس پر مرکزی الیکشن کمیشن نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے تازہ طور پر یہ احکامات دیئے۔
حکمران جماعت ٹی آرایس،اس کے انتخابی نشان کار کے مشابہ نظرآنے والے نشانات دیگرامیدواروں کو نہ دینے کی درخواست کمیشن سے کرچکی ہے۔ ریاست کی حکمران جماعت نے شیواکمار کو روڈ رولر نشان الاٹ کرنے پر اعتراض کیا تھا جس کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے شیواکمار کو بے بی واکر کا نشان الاٹ کیا تھاجس کے بعد شیواکمار نے اپنی شکایت کے ذریعہ اس معاملہ کو مرکزی الیکشن کمیشن کے علم میں لایاتھا۔
بعد ازاں ڈپٹی الیکشن کمشنر اس واقعہ کی جانچ کے لئے حیدرآباد پہنچ گئے۔ان کی رپورٹ کی بنیاد پر مرکزی الیکشن کمیشن نے شیواکمار کو فوری طورپر روڈ رولر انتخابی نشان الاٹ کرنے کی ہدایت دی۔ٹی آرایس کے اس اعتراض کے باوجود مرکزی الیکشن کمیشن نے روڈ رولر کا نشان الاٹ کیا ہے۔