امریکہ میں چارٹر طیارہ حادثے کا شکار، 8 افراد ہلاک
امریکی فضائیہ کے لیفٹیننٹ جنرل رابرٹ ڈیوس نے کہا ہے کہ"یہ ہماری فوج اور ان معاشروں کے لئے کہ جن کی ہم خدمت کرتے ہیں ایک تباہ کن نقصان ہے ۔ ہلاک ہونے والے افراد مشکل ماحول میں اہم ذمہ داریاں انجام دینے والے مخلص پیشہ ور تھے۔"
واشنگٹن : امریکہ کی مغربی ریاست الاسکا میں ایک دُور دراز رڈار اسٹیشن کے قریب ایک کرائے پر حاصل کیا گیا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے حادثے میں طیارے میں سوار تمام آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں سی این این کی وفاقی ہوابازی انتظامیہ ‘ایف ایف اے’ کے حوالے سے شائع کردہ خبر کے مطابق طیارہ جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً 12 بج کر 15 منٹ پراینکریج سے روانہ ہوا اور تقریباً 724 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع کیپ نیونہام کی جانب جا رہا تھا۔ طیارہ اپنی منزل کے قریب گر کر تباہ ہوگیا ہے۔
الاسکا کمانڈ کے مطابق طیارہ کرائے پر حاصل کیا گیا تھا اور اس میں 8 افراد سوار تھے ۔ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے بھی حادثے میں تمام افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی۔ ایف ایف اے اور قومی رسل و رسائل سیفٹی بورڈ حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کیپ نیونہام کی تنصیب پر صرف فوجی اور منظور شدہ کرائے کے طیاروں کو اترنے کی اجازت ہے۔
امریکی فضائیہ کے لیفٹیننٹ جنرل رابرٹ ڈیوس نے کہا ہے کہ”یہ ہماری فوج اور ان معاشروں کے لئے کہ جن کی ہم خدمت کرتے ہیں ایک تباہ کن نقصان ہے ۔ ہلاک ہونے والے افراد مشکل ماحول میں اہم ذمہ داریاں انجام دینے والے مخلص پیشہ ور تھے۔”
کمانڈ دفتر نے بتایا ہے کہ طیارے میں سوار افراد اور عملے کے نام ان کے اہل خانہ کو اطلاع دینے کے بعد جاری کیے جائیں گے۔