وشاکھاپٹنم میں افسوسناک واقعہ ٹیچر کی ڈانٹ اور تھپڑ مارنے کے بعد بچے کی موت، ویڈیو وائرل
والدین اور رشتہ دارنے اسکول پہنچ کر سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی۔ فوٹیج دیکھنے کے بعد شدید مشتعل ہوگئے اور اسکول کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا
وشاکھاپٹنم : شہر کے ایک نجی اسکول میں ہوم ورک مکمل نہ کرنے پر مبینہ طور پر ٹیچر کی جانب سے مارے جانے کے بعد ایل کے جی کے 6 سالہ طالب علم پرنَے تیج کی موت ہوگئی۔ واقعے کے بعد اسکول میں شدید غم و غصے کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق لٹل گارڈن اسکول میں ہوم ورک مکمل نہ کرنے پر ٹیچر نے طالب علم کو مبینہ طور پر مارا، جس کے بعد پرنَے تیج خوفزدہ ہوگیا۔ وہ رونے اور کھانسنے لگا اور اچانک ٹیچر پر ہی گر پڑا۔
اسکول انتظامیہ نے بچے کو فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد تصدیق کی کہ بچے کی موت ہوچکی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پرنَے تیج کے والدین اور رشتہ دارنے اسکول پہنچ کر سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی۔ فوٹیج دیکھنے کے بعد شدید مشتعل ہوگئے اور اسکول کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔۔
واقعے کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ بچے کی موت کی اصل وجہ اور ٹیچر کے مبینہ رویے سے متعلق مزید تفصیلات اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔