چکن اور انڈوں کی قیمتوں میں اچانک کمی
تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں کارتیک ماہ اور ایپا دکشا کی وجہ سے چکن اور انڈوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی آگئی ہے۔ گوشت کی مانگ کم ہونے کے باعث چکن کی قیمت میں فی کلو 50 روپے تک کی کمی ہوئی۔
حیدرآباد۔ تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں کارتیک ماہ اور ایپا دکشا کی وجہ سے چکن اور انڈوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی آگئی ہے۔ گوشت کی مانگ کم ہونے کے باعث چکن کی قیمت میں فی کلو 50 روپے تک کی کمی ہوئی۔ اس کمی سے جہاں گوشت کھانے کے شوقین افراد خوش ہیں، وہیں پولٹری فارمرس اور تاجروں کو نقصان کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے۔
کارتیک ماہ کے دوران بڑی تعداد میں لوگ مذہبی رسومات کے باعث گوشت کھانے سے پرہیز کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایپا دکشا اور شیومالا کے سبب بھی گوشت کی کھپت میں کمی آئی ہے۔ نتیجتاً بازار میں چکن کی مانگ گھٹ گئی، جبکہ سپلائی زیادہ ہونے سے قیمتیں نیچے آگئیں۔
گزشتہ ہفتہ تک بعض علاقوں میں اسکن لیس چکن کی قیمت 300 روپے فی کلو سے زیادہ تھی لیکن اب کئی مقامات پر یہ 250 روپے سے بھی کم میں فروخت ہورہا ہے۔
شہر حیدرآباد میں اسکن لیس چکن کی قیمت 252 روپے فی کلو درج کی گئی ہے جبکہ ڈریسڈ (Dressed) چکن 223 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔ ریٹیل لائیو برڈ کی قیمت 144 روپے اور فارم کے لائیو برڈ کی قیمت 117 روپے فی کلو ہے۔
حیدرآباد میں 12 انڈوں کی قیمت 74 روپے ہوگئی ہے، جبکہ کچھ دن پہلے یہی قیمت 90 روپے تھی۔
اسی طرح وجئے واڑہ زون میں بھی چکن کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ یہاں اسکن لیس چکن 249 روپے فی کلو اور ڈریسڈ چکن 220 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ ریٹیل لائیو برڈ کی قیمت 142 روپے اور فارم لائیو برڈ کی قیمت 115 روپے فی کلو ہے۔ وجئے واڑہ میں 12 انڈوں کی ریٹیل قیمت 80 روپے ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ کارتیک ماہ ختم ہونے اور اگلے ماہ کرسمس تہوار کے پیش نظر چکن کی مانگ میں دوبارہ اضافہ ہوسکتا ہے۔ کرسمس کے موقع پر چکن کی کھپت بڑھنے کا امکان ہے، جس کے باعث آئندہ ماہ قیمتیں بھی بڑھ سکتی ہیں۔
فی الحال کم مانگ اور زیادہ سپلائی کے باعث چکن اور انڈوں کی قیمتیں کم سطح پر برقرار ہیں۔ آنے والے دنوں میں بازار کی صورتحال کے مطابق قیمتوں میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔