ویڈیو: کراٹے ٹرینر محمد شہاب الدین پر سنگین الزامات، نابالغ لڑکیوں کی ویڈیوز پر تنازعہ
گجرات کے سورت میں کراٹے کلاسیں چلانے والے محمد شہاب الدین کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر موجود بعض ویڈیوز کو لے کر تنازعہ پیدا ہوگیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے نابالغ لڑکیوں کی ویڈیوز اور ان پر کیے گئے تبصروں کے حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
سورت: گجرات کے شہر سورت میں کراٹے کی کلاسس چلانے والے ایک ٹرینر محمد شہاب الدین پر نابالغ لڑکیوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیادہ ویوز حاصل کرنے کے لئے استعمال کرنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
انسٹاگرام پر karatesir803 نامی اکاؤنٹ پر موجود لڑکیوں کی بعض ویڈیوز کو لے کر سوشل میڈیا پر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔ صارفین کا الزام ہے کہ ان ویڈیوز میں لڑکیوں کو نامناسب انداز میں دکھایا گیا ہے۔
وائرل پوسٹس میں بعض اسکرین شاٹس بھی شیئر کئے جارہے ہیں، جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹرینر نے لڑکیوں کی ویڈیوز پر کئے گئے نامناسب تبصروں پر لائک، ہارٹ اور ہنسنے والے ایموجیز کے ذریعہ ردعمل ظاہر کیا۔
اس معاملے پر سوشل میڈیا صارفین نے سورت پولیس اور قومی کمیشن برائے تحفظ حقوق اطفال (NCPCR) سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ساتھ ہی والدین اور کراٹے تربیتی مراکز سے اپیل کی جارہی ہے کہ وہ نابالغ لڑکیوں کی حفاظت اور سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیوز کے استعمال کے معاملے میں احتیاط برتیں۔
تاہم، اب تک ان الزامات کے سلسلہ میں پولیس کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی پوکسو (POCSO) قانون کے تحت مقدمہ درج ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس لئے معاملہ سے متعلق سوشل میڈیا پر کئے جانے والے دعوؤں کی آزادانہ تصدیق ضروری ہے۔
نوٹ: یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور پوسٹس میں کیے گئے دعوؤں پر مبنی ہے۔ ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے۔