پولیس پر مسلم نوجوانوں کو بیلٹ سے پیٹنے کا الزام، ویڈیو وائرل
گجرات کے ضلع بناس کانٹھا کے بھاگل گاؤں میں پولیس کی جانب سے 9 مسلم نوجوانوں کو بیلٹ سے پیٹنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس کے رویہ پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
گجرات: گجرات کے ضلع بناس کانٹھا کے بھاگل گاؤں میں پولیس کی جانب سے 9 مسلم نوجوانوں کو بیلٹ سے پیٹنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس کے رویہ پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 9 افراد زمین پر گھٹنوں کے بل بیٹھے ہوئے ہیں اور ان کے ہاتھ پیچھے بندھے ہوئے ہیں۔ اسی دوران ایک شخص بیلٹ سے انہیں مارتا دکھائی دیتا ہے جبکہ پولیس یونیفارم میں موجود عہدیدار قریب کھڑے ہوکر یہ منظر دیکھ رہے ہیں۔
مقامی اطلاعات کے مطابق بھاگل گاؤں میں دیوالی کے موقع پر پٹاخے پھوڑنے کے معاملہ پر ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ اسی دوران 25 اور 26 نومبر کو دونوں برادریوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
اطلاعات کے مطابق مویشیوں کے شیڈ کے قریب نوجوانوں کے درمیان بحث شروع ہوئی، جو بعد میں پتھراؤ اور اینٹیں پھینکنے تک پہنچ گئی۔ اس واقعہ میں تقریباً 6 افراد زخمی ہوئے۔
اس معاملہ میں ایک ہندو خاندان کی شکایت پر ایف آئی آر درج کی گئی۔ پالان پور رورل پولیس نے قتل کی کوشش سمیت سنگین الزامات کے تحت 11 افراد کو گرفتار کیا اور انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔
اب وائرل ہونے والی ویڈیو میں 9 افراد کے ساتھ مبینہ پولیس مارپیٹ کے مناظر سامنے آنے کے بعد گجرات پولیس پر تنقید کی جا رہی ہے۔ اس واقعہ نے اقلیتی طبقہ کے تحفظ اور پولیس کے طرز عمل سے متعلق تشویش پیدا کردی ہے۔