آصف نگر میں بڑی چوری، گھر سے 70 تولے سونا غائب
شہر حیدرآباد کے علاقہ آصف نگر میں چوری کی ایک بڑی واردات پیش آئی، جہاں نامعلوم سارقین نے ایک مکان سے تقریباً 70 تولے سونے کے زیورات کا سرقہ کرلیا۔ یہ واردات اس وقت پیش آئی جب مکان کے افراد ایک تقریب میں شرکت کے لئے باہر گئے ہوئے تھے۔
حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے علاقہ آصف نگر میں چوری کی ایک بڑی واردات پیش آئی، جہاں نامعلوم سارقین نے ایک مکان سے تقریباً 70 تولے سونے کے زیورات کا سرقہ کرلیا۔ یہ واردات اس وقت پیش آئی جب مکان کے افراد ایک تقریب میں شرکت کے لئے باہر گئے ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق آصف نگر کے زیبا باغ علاقہ میں محمد وسیم نامی شخص کے مکان کو سارقین نے نشانہ بنایا۔ بتایا جاتا ہے کہ 27 نومبر کی شام وسیم اپنے افراد خاندان کے ساتھ ایک تقریب میں شرکت کے لئے گئے ہوئے تھے۔ اسی دوران نامعلوم افراد مکان میں داخل ہوئے اور الماری میں رکھے تقریباً 70 تولے سونے کے زیورات لے کر فرار ہوگئے۔
تقریب سے واپس گھر پہنچنے پر افراد خاندان نے زیورات غائب پائے، جس کے بعد انہیں چوری کی واردات کا علم ہوا۔ متاثرہ شخص نے فوری طور پر پولیس سے شکایت کی۔
شکایت موصول ہونے پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے کہ سارقین مکان میں کس طرح داخل ہوئے اور واردات کے بعد کس راستہ سے فرار ہوئے۔
ملزمین کی شناخت کے لئے اطراف کے علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ایک ہی مکان سے 70 تولے سونے کے زیورات کی چوری کے واقعہ سے علاقہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔