چیف منسٹرریونت ریڈی غیرملکی دورہ کے بعد اپنی ٹیم کے ساتھ حیدرآباد واپس
ریڈی نے تلنگانہ کو ''مستقبل کی ریاست'' قرار دیا اور اس دورہ کے دوران حاصل ہونے سرمایہ کاری کو نمایاں کیا۔اس ٹیم نے جملہ 31,532 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری اور 30,750 نئی ملازمتوں کے وعدے کیے۔
حیدرآباد: چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی غیرملکی دورہ کے بعد اپنی ٹیم کے ساتھ حیدرآباد واپس ہوگئے۔ریاستی دارالحکومت میں شمس آبادایرپورٹ پر کانگریس کے لیڈروں اورحامیوں نے ان کا شاندار استقبال کیاجنہوں نے ان کو شال اورگلدستے پیش کئے۔
وزیراعلی کار میں ٹہر کر اپنے حامیوں اورکانگریس کے لیڈروں کو ہاتھ ہلاکر جواب دے رہے تھے۔اپنے 10 روزہ دورہ امریکہ اور جنوبی کوریا کے دوران وزیراعلی نے سرمایہ کاری کوراغب کرنے کے اقدامات کئے۔انہوں نے اپنے دوممالک کے دورہ کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا کے سامنے ”نئی تلنگانہ” ریاست کو مؤثر طریقے سے پیش کیا ہے۔
ریڈی نے تلنگانہ کو ”مستقبل کی ریاست” قرار دیا اور اس دورہ کے دوران حاصل ہونے سرمایہ کاری کو نمایاں کیا۔اس ٹیم نے جملہ 31,532 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری اور 30,750 نئی ملازمتوں کے وعدے کیے۔
ٹیم نے 19 کمپنیوں کے ساتھ مشاورت اور معاہدے بھی کیے۔ریاستی حکومت کے حیدرآباد کو ”4.0 شہر” کے طور پر ترقی دینے کے منصوبوں کو زبردست ردعمل حاصل ہوا۔
متعدد کمپنیوں نے مصنوعی ذہانت، دواسازی، لائف سائنسس، الیکٹرک وہیکلس، ڈیٹا سنٹرس اور آئی ٹی الیکٹرانکس جیسے شعبوں میں حکومت کے ساتھ تعاون میں دلچسپی ظاہر کی۔خاص طور پر ایپل، گوگل، اسٹانفورڈ یونیورسٹی اور ورلڈ بینک کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کی گئی۔
ایمازون، زوئٹس، ایچ سی اے ہیلت کیئر، ویونٹ فارما، تھرمو فشر، آرم ایکویٹی، ٹرائجن ٹیکنالوجیس اور مونارک ٹریکٹر جیسی کمپنیوں نے تلنگانہ میں اپنے آپریشنس کو وسعت دینے اور نئے مراکز قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
جنوبی کوریا میں، کورین ٹکسٹائل انڈسٹری فیڈریشن نے ریونت ریڈی کی سرمایہ کاری کی اپیل پر مثبت ردعمل ظاہر کیا، اور ایل ایس کمپنی کی ایک ٹیم جلد ہی تلنگانہ کا دورہ کرے گی۔