چیف منسٹر ریونت ریڈی 84 ویں کل ہند صنعتی نمائش کا افتتاح کریں گے
چونکہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دیہانت کی وجہ سے ریاست میں 7 روزہ سوگ منایا جارہا ہے اور یہ سوگ 2 جنوری کو ختم ہوجائے گا۔ اس لئے یکم جنوری کے بجائے 3جنوری کو نمائش کا افتتاح عمل میں آئے گا۔
حیدرآباد:چیف منسٹر اے ریونت ریڈی 3جنوری کو84 ویں کل ہند صنعتی نمائش 2025 کا افتتاح انجام دیں گے۔ جبکہ ریاستی وزراء کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور پونم پربھاکر، صدر ٹی پی سی سی مہیش گوڑ اعزازی مہمان ہوں گے۔ ریاستی وزیر آئی ٹی،کامرس و صنعت ڈی سریدھر بابو جو نمائش سوسائٹی کے صدر بھی ہیں، افتتاحی تقریب کی صدارت کریں گے۔
چونکہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دیہانت کی وجہ سے ریاست میں 7 روزہ سوگ منایا جارہا ہے اور یہ سوگ 2 جنوری کو ختم ہوجائے گا۔ اس لئے یکم جنوری کے بجائے 3جنوری کو نمائش کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ اعزازی سکریٹری بی سریندر ریڈی، نائب صدر کے نرنجن، ڈی موہن جوائنٹ سکریٹری نے آج نمائش کلب میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال صنعتی نمائش میں داخلہ ٹکٹ50روپے مقرر کیا گیا ہے جو سال گزشتہ سے40 روپے کے مقابلہ میں 10 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ 5 سال کم عمر کے بچوں کا داخلہ مفت رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال صنعتی نمائش میں تقریباً2000 اسٹالس ہوں گے۔ نمائش3جنوری سے15 فروری 2025 تک جاری رہ ے گی۔
نمائش کے اوقات 4بجے شام تا10:30 بجے رات اور تعطیلات میں 11 بجے رات تک ہوں گے۔ نمائش میں عوام کی سیر وتفریح اور مشاہدے کیلئے سابق کی طرح ٹرین کی سہولت ہوگی۔ اس کے علاوہ ڈبل ڈیکر بس کی سہولت بھی ہوگی بس کے اندر ونی حصہ میں شیشوں کے ذریعہ نمائش کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔
نمائش میں اس سال ریاستی و مرکزی حکومتوں کی جانب سے جو اسٹالس قائم کے جائیں گے ان میر ریزرو بینک آف انڈیا، یونین بینک، محکمہ جنگلات، محکمہ محابس، کھاری اینڈ ویلیج انڈسٹریز، تلنگانہ ڈیری ڈیولپمنٹ کو آپریٹیو فیڈریشن، تلنگانہ لیگل سرویس اتھاریٹی، حیدرآبادپولیس، جی اچی ایم سی، اس کے علاوہ خانگی شعبہ کے اسٹالس بھی قائم کئے جائیں گے۔
اعزازی سکریٹری نے بتایا کہ کل ہند صنعتی نمائش کے پرسکون اور پرامن ماحول میں انعقاد کیلئے محکمہ پولیس، فائر، ڈیزاسٹر مینجمن، الیکٹر سٹی، جی ایچ ایم سی، آر اینڈ بی، آر ٹی سی، میٹرو ریل کی جانب سے وسیع تر سیکوریٹی، برقی، پانی، کی سربراہی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ نمائش میں داخلہ ٹکٹ کیلئے گوشہ محل گیٹ، اجنتہ گیٹ اور گاندھی بھون گیٹ کے پاس ٹکٹ کاونٹرس قائم کئے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ عوام کو آن لائن ٹکٹ کے حصول کیلئے بھی خصوصی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ عوام میٹرو ریل، آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ شہر کے مختلف مقامات سے نمائش گاہ پہنچ سکتے ہیں۔ کار اور دیگر گاڑیوں کیلئے نمائش کے اطراف راستوں پر مفت پارکنگ کی سہولت رہے گی۔ نمائش میں طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ایشودھا ہاسپٹل کی جانب سے ہیلتھ چیک اپ سنٹر قائم کیا جارہا ہے۔
کلچرل پروگرام کیلئے اوپن ایر تھیٹر قائم کئے گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے ساری نمائش پر نظر رکھی جائے گی۔ داخلہ گیٹس پر میٹل ڈیٹکٹر سے تلاشی لی جائے گی۔ نمائش میں اے ٹی ایم کی بھی سہولت ہوگی۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے فائر انجن اور ایمبولینس موجود رہیں گے۔