ایشیاء

چین کی ایران کو ایک بار پھر حمایت کی یقین دہانی

ایرانی صدر نے یورپی کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ امریکا اور مغربی ممالک کے دُہرے معیار سے اسرائیل کا حوصلہ بڑھ رہا ہے۔

بیجنگ: چینی وزیر خارجہ وانگ ای کا اہم بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے ایک بار پھر تہران میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران کو چین کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔

متعلقہ خبریں
چینی وزیر خارجہ کے خلاف کانگریس کا احتجاج
حماس قائد اسمٰعیل ھنیہ، جنگ بندی بات چیت کے بعد مصر سے روانہ
اسرائیل سنبھل نہیں پائے گا: اسماعیل ہنیہ

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری سے ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کا قتل ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ چین ایران کی خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار کی حمایت کرتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل سے غزہ جنگ بندی مذاکرات کو بھی براہ راست نقصان پہنچا ہے، حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کا قتل علاقائی امن و استحکام کیلئے خطرہ بنا ہے۔اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مغرب کے دُہرے معیار سے اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیوں میں ہر روز اضافہ ہورہا ہے۔

ایرانی صدر نے یورپی کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ امریکا اور مغربی ممالک کے دُہرے معیار سے اسرائیل کا حوصلہ بڑھ رہا ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ اسرائیلی کارروائیوں سے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرہ بڑھ رہا ہے۔ اُنہوں نے یورپی کونسل کے صدر سے کہا کہ غزہ اور پورے خطے میں صیہونی حکومت کی دہشت گردی اور گھناؤنے جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔