چنّاسوامی اسٹیڈیم کو آئی پی ایل 2026 کے فائنل کی میزبانی کے لیے سرکاری منظوری مل گئی
آر سی بی اپنے 5 ہوم میچز بنگلورو میں کھیلے گی، جبکہ 2 میچز معاہدے کے تحت رائے پور کے اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔ 5 اپریل کو بنگلورو میں آر سی بی اور چنئی سپر کنگز کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ متوقع ہے
بنگلورو : بنگلورو کے تاریخی ایم چنّاسوامی اسٹیڈیم کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ماہرین کی کمیٹی نے اسٹیڈیم کا تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد اسے آئی پی ایل 2026 کے میچز، بشمول پلے آف اور فائنل کی میزبانی کے لیے کلیئر قرار دے دیا ہے۔
حکومتی منظوری کے بعد اب یہ طے پا گیا ہے کہ چنّاسوامی اسٹیڈیم نہ صرف سیزن کے پہلے میچ (رائل چیلنجرز بنگلورو بمقابلہ سن رائزرز حیدرآباد) کی میزبانی کرے گا بلکہ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی یہیں کھیلا جائے گا۔افتتاحی میچ28 مارچ کو آر سی بی اور سن رائزرز حیدرآباد کے درمیان کھیلا جائے گا۔
آر سی بی اپنے 5 ہوم میچز بنگلورو میں کھیلے گی، جبکہ 2 میچز معاہدے کے تحت رائے پور کے اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔ 5 اپریل کو بنگلورو میں آر سی بی اور چنئی سپر کنگز کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ متوقع ہے۔
گزشتہ برس کے افسوسناک واقعات کے بعد، کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے اسٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی ہیں۔ اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے 6 نئے گیٹ بنائے گئے ہیں اور پرانے گیٹس کو چوڑا کیا گیا ہے تاکہ ہجوم کو کنٹرول کیا جا سکے۔ رش سے بچنے کے لیے ڈیجیٹل کیو آر کوڈ والے ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔
بنگلورو میٹرو کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے جس کے تحت میچ والے دن ٹرینیں رات 1 بجے تک چلیں گی۔ قوی امکان ہے کہ ٹکٹ ہولڈرز میٹرو میں مفت سفر کر سکیں گے۔چنّاسوامی اسٹیڈیم آئی پی ایل 2025 کے دوران ایک حادثے کی وجہ سے تنازعات کا شکار رہا تھا، جس میں 11 مداحوں کی جان چلی گئی تھی۔ تاہم، سابق ہندوستانی فاسٹ بولر وینکٹیش پرساد کے بطور صدر عہدہ سنبھالنے کے بعد، محض دو ماہ کے اندر تمام حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اسٹیڈیم کو اب باقاعدہ طور پر آئی پی ایل فرنچائز اور ایونٹ پارٹنرز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ٹکٹوں کی فروخت کا عمل رواں ہفتے کے آخر تک شروع ہونے کی توقع ہے۔