قومی

ڈاکٹر ذاکر نائک کی تنظیم پر کارروائی کا دائرہ وسیع، اب ریاستوں کو بھی اختیارات

مرکزی حکومت نے مبلغ اسلام ڈاکٹر زاکر نائک کی تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن (آئی آر ایف) سے وابستہ فنڈز، مالی اثاثوں اور عمارتوں کے خلاف کارروائی کے اختیارات ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی انتظامیہ کو بھی دے دیے ہیں۔

نئی دہلی(پی ٹی آئی) مرکزی حکومت نے مبلغ اسلام ڈاکٹر زاکر نائک کی تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن (آئی آر ایف) سے وابستہ فنڈز، مالی اثاثوں اور عمارتوں کے خلاف کارروائی کے اختیارات ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی انتظامیہ کو بھی دے دیے ہیں۔

اس تنظیم کو غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت مزید پانچ برس کے لیے غیر قانونی تنظیم قرار دیا جاچکا ہے۔وزارت داخلہ نے جمعرات کو جاری کردہ گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے یو اے پی اے کی دفعات 7 اور 8 کے تحت حاصل اختیارات ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو منتقل کردیے ہیں۔

یہ ہدایت قانون کی دفعہ 42 کے تحت جاری کی گئی ہے، جس کے تحت مرکزی حکومت مخصوص قانونی اختیارات ریاستی اور مرکزی زیرِ انتظام علاقوں کی انتظامیہ کو تفویض کرسکتی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مرکز نے 13 نومبر 2026 کو جاری کردہ حکم کے ذریعے آئی آر ایف کو غیر قانونی تنظیم قرار دیا تھا۔

اب اس تنظیم کے حوالے سے قانون کی دفعات 7 اور 8 کے تحت مرکز کو حاصل تمام اختیارات ریاستی حکومتیں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی انتظامیہ بھی استعمال کرسکیں گی۔یو اے پی اے کی دفعہ 7 حکومت کو یہ اختیار دیتی ہے کہ وہ کسی غیر قانونی تنظیم کی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے کے شبہ میں آنے والے فنڈز، سکیورٹیز اور دیگر مالی اثاثوں کے استعمال یا ان سے لین دین پر پابندی عائد کرسکے۔ اس کے علاوہ مجاز افسران کو متعلقہ مالی لین دین کی تحقیقات کا اختیار بھی حاصل ہے۔

دفعہ 8 کے تحت ان عمارتوں اور املاک کو نوٹیفائی کیا جاسکتا ہے جن کے بارے میں شبہ ہو کہ انہیں کسی غیر قانونی تنظیم کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ حکام کو ایسی املاک تک رسائی کو منضبط کرنے اور وہاں موجود منقولہ جائیداد کے استعمال پر پابندیاں عائد کرنے کا اختیار بھی حاصل ہے۔

عملی طور پر اس تازہ اقدام کا مطلب یہ ہے کہ اب ریاستی اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے حکام، ہر معاملے میں مرکز کے الگ سے کارروائی کرنے کا انتظار کیے بغیر، آئی آر ایف سے منسلک فنڈز اور املاک کے خلاف کارروائی شروع کرسکتے ہیں۔