سی ایم ابراہیم‘ جنتادل ایس سے خارج، دیوے گوڑا کا اعلان
جنتادل ایس کی قومی عاملہ کمیٹی میٹنگ کے بعد دیوے گوڑا نے دونوں قائدین کو برطرف کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی امیج اور مفادات کو نقصان پہنچ رہا تھا جس کی وجہ سے یہ فیصلہ کیاگیا۔

بنگلورو: جنتادل سیکولر کے سرپرست اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے ہفتہ کے دن کہا کہ کرناٹک ریاستی یونٹ کے صدر سی ایم ابراہیم (چاند محل ابراہیم) اور پارٹی کے قومی نائب صدر سی کے نانو کو ”مخالف پارٹی سرگرمیوں پر“ پارٹی سے خارج کردیا گیا۔
جنتادل ایس کی قومی عاملہ کمیٹی میٹنگ کے بعد دیوے گوڑا نے دونوں قائدین کو برطرف کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی امیج اور مفادات کو نقصان پہنچ رہا تھا جس کی وجہ سے یہ فیصلہ کیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ بنگلورو میں قومی عاملہ اجلاس طلب کیا گیا اور ان 2 قائدین کو نکال باہر کرنے کا متفقہ فیصلہ ہوا۔ضلع منڈیا کے جنتادل ایس صدرڈی رمیش اور جنتادل ایس مغربی بنگال یونٹ کے صدر پنیت کمار سنگھ نے سی ایم ابراہیم اور سی کے نانو کو پارٹی سے خارج کرنے کی قرارداد پیش کی جسے متفقہ طورپر قبول کرلیا گیا۔
میٹنگ میں سابق چیف منسٹر و پارٹی کے ریاستی صدر ایچ ڈی کمارا سوامی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ ایک دن قبل سابق مرکزی وزیر سی ایم ابراہیم نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے 11 دسمبر کو بنگلورو میں قومی سطح کی میٹنگ بلائی ہے۔
سی ایم ابراہیم نے لوک سبھا الیکشن کے لئے بی جے پی سے جنتادل ایس کے اتحاد کے فیصلہ پر پارٹی قیادت کے خلاف بغاوت کردی تھی۔ انہوں نے یہ تک دعویٰ کیا تھا کہ جنتادل ایس کا ان کا گروپ ہی اصل جنتادل ایس ہے۔