دہلی

چین اور پاکستان متحد ہوچکے ہیں: راہول گاندھی

کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان مل کر تیاری کررہے ہیں اور اگر جنگ ہوئی تو یہ دونوں ممالک کے خلاف ہوگی۔

نئی دہلی: کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان مل کر تیاری کررہے ہیں اور اگر جنگ ہوئی تو یہ دونوں ممالک کے خلاف ہوگی۔

راہول گاندھی کے چینل پر ایک یوٹیوب ویڈیو میں کانگریس رکن پارلیمنٹ نے مسلح افواج کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان متحد ہوگئے ہیں اور اگر جنگ ہوئی تو دونوں کے خلاف ہوگی اور ملک کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہندوستان اب انتہائی کمزور ہے۔

میں آپ کا (فوج کا) صرف احترام ہی نہیں کرتا ہوں، بلکہ آپ سے محبت اور پیار بھی کرتا ہے۔ آپ اس ملک کا دفاع کرتے ہیں۔ آپ کے بغیر اس ملک کا وجود باقی نہیں رہے گا۔

کانگریس قائد نے مزید وضاحت کی کہ قبل ازیں ہمارے دو دشمن چین اور پاکستان تھے اور ہماری پالیسی انہیں علیحدہ رکھنے کی تھی۔ پہلے یہ کہا گیا تھا کہ دو محاذوں پر جنگ نہیں ہونی چاہیے، پھر لوگ یہ کہتے ہیں کہ ڈھائی محاذوں پر جنگ جاری ہے، جو پاکستان، چین اور دہشت گردی ہیں۔ آج ایک محاذ چین اور پاکستان ہیں، جو متحد ہیں۔

اگر جنگ ہوگی تو دونوں کے ساتھ ہوگی۔ وہ لوگ نہ صرف فوجی لحاظ سے بلکہ معاشی طور پر بھی مل کر کام کررہے ہیں۔ مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ 2014ء کے بعد ہمارا معاشی نظام سست ہوگیا ہے۔ ہمارے ملک میں انتشار، لڑائی اور نفرت ہے۔

ہماری ذہنیت اب بھی ڈھائی محاذ کی جنگ جیسی ہے۔ مشترکہ کارروائی اور سائبر جنگ کا مائنڈ سیٹ نہیں ہے۔ ہندوستان اب انتہائی کمزور ہے۔ چین اور پاکستان دونوں ہمیں چونکانے کی تیاری کررہے ہیں، اسی لیے میں بار بار کہتا ہوں کہ حکومت خاموش نہیں رہ سکتی۔ حکومت کو بتانا چاہیے کہ سرحد پر کیا ہوا تھا۔