دہلی

بارش کے بعد دہلی میں سردی میں اضافہ، آئی ایم ڈی نے درجۂ حرارت میں مزید کمی کی پیش گوئی کی

محکمۂ موسمیاتِ ہند (آئی ایم ڈی) کے مطابق آیا نگر میں کم از کم درجۂ حرارت 6 ڈگری سیلسیس، پالم میں 6.8 ڈگری اور صفدرجنگ میں 7.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ صبح کے اوقات میں پالم اور صفدرجنگ میں حدِ نگاہ کم ہو کر 400 میٹر تک رہ گئی۔

نئی دہلی: دہلی میں گزشتہ روز ہوئی بارش کے بعد ہفتہ کو سردی میں اضافہ ہوا ہے، جس کے ساتھ ہی کم از کم درجۂ حرارت میں کمی درج کی گئی۔

محکمۂ موسمیاتِ ہند (آئی ایم ڈی) کے مطابق آیا نگر میں کم از کم درجۂ حرارت 6 ڈگری سیلسیس، پالم میں 6.8 ڈگری اور صفدرجنگ میں 7.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ صبح کے اوقات میں پالم اور صفدرجنگ میں حدِ نگاہ کم ہو کر 400 میٹر تک رہ گئی۔

اپنے موسمی بلیٹن میں آئی ایم ڈی نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دہلی سمیت شمال مغربی ہندوستان میں کم از کم درجۂ حرارت میں مزید 3 سے 5 ڈگری سیلسیس کی کمی واقع ہوسکتی ہے۔ اس کے بعد آئندہ دو دنوں تک موسم میں زیادہ تبدیلی متوقع نہیں ہے، جس کے بعد درجۂ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا۔

آئی ایم ڈی کے مطابق موجودہ حالات کم دباؤ والے علاقے کی وجہ سے ہیں ، جس سے مغربی ہمالیہ کے علاقے میں برف باری کے ساتھ ساتھ شمال مغربی ہندوستان کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے اوسط بارش ہونے کا امکان ہے ۔ 23 جنوری کو بعض مقامات پر ژالہ باری ، بجلی گرنے اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے ۔

محکمے نے کہا کہ حالات میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے، تاہم 26 سے 28 جنوری کے درمیان ایک اور طاقتور مغربی خلل شمال مغربی ہندوستان کو متاثر کر سکتی ہے، جس کے نتیجے میں 27 جنوری کو مغربی ہمالیائی خطے میں بعض مقامات پر شدید بارش اور برف باری ہو سکتی ہے۔

آئی ایم ڈی نے 24 سے 26 جنوری کے دوران پنجاب، ہریانہ اور چنڈی گڑھ کے کچھ علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں گھنے سے بہت گھنے کہرے کی وارننگ بھی جاری کی ہے، جبکہ 23 جنوری کو بعض مقامات پر گھنے کہرے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

آئندہ دنوں ہماچل پردیش، راجستھان، مدھیہ پردیش، سب ہمالیائی مغربی بنگال اور سکّم کے کچھ حصوں میں بھی اسی طرح کے کہرے کے حالات بننے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق 25 اور 26 جنوری کو ہماچل پردیش کے بعض علاقوں میں سرد لہر کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے اور شمالی ہند میں سردی کی شدت بڑھنے کے پیش نظر عوام کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں
تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ
تلنگانہ میں مزید موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی
ڈھاکہ میں دوبارہ بنگلہ دیش کے سابق وزیر خارجہ کا اقتدارمیں آنے کا عزم، اقوام متحدہ کی رپورٹ کو جانبدارانہ قرار دیا
خلیج بنگال میں ہوا کا دباؤ کم ،طوفان میں تبدیل ،کئی اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری
تلنگانہ میں آئندہ 24 گھنٹے میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان