کولمبیا: طیارہ حادثہ میں 15 افراد ہلاک
کولمبیا کی وزارت ٹرانسپورٹ نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں کوئی بھی زندہ نہیں بچا ہے۔ طیارے کا ملبہ ایک دور دراز پہاڑی علاقے سے ملا ہے اور گھنے جنگل کی وجہ سے تلاش اور بچاؤ کے کام میں کافی مشکل پیش آرہی ہے۔
بگوٹا: شمال مشرقی کولمبیا میں بدھ کے روز ایک مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار تمام 15 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں کولمبیائی رکن پارلیمنٹ ڈیوجینس کوئنٹرو امایا اور ایک اور سیاستدان کارلوس سالسیڈو بھی شامل ہیں۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کولمبیا کی ایئر لائن ’ساٹینا‘ کا ایک بیچ کرافٹ 1900 طیارہ وینزویلا کی سرحد کے قریب کوکوٹا سے اوکانیا کے لیے پرواز کر رہا تھا۔ ساٹینا نے ایکس پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا، "ساٹینا ایئر لائنز کو یہ اعلان کرتے ہوئے انتہائی دکھ ہو رہا ہے کہ کوکوٹا سے اوکانیا کے لیے پرواز کرنے والا بیچ کرافٹ طیارہ ایک خوفناک حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔
طیارے میں 13 مسافر اور عملے کے دو ارکان سوار تھے۔ سرکاری مسافروں کی فہرست کے مطابق، اس میں ایک کولمبیائی رکن پارلیمنٹ اور ایک انتخابی امیدوار شامل تھے۔
کولمبیا کی وزارت ٹرانسپورٹ نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں کوئی بھی زندہ نہیں بچا ہے۔ طیارے کا ملبہ ایک دور دراز پہاڑی علاقے سے ملا ہے اور گھنے جنگل کی وجہ سے تلاش اور بچاؤ کے کام میں کافی مشکل پیش آرہی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ ماریا فرنینڈا روجاس نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ حکام حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔