تلنگانہ

دیگر ریاستوں سے آنے والے افراد پر خصوصی توجہ دینے کمشنر سی وی آنند کا زور

سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند نے اسپیشل برانچ (ایس بی) میں کام کرنے والے ملازمین کو مایوس نہ ہونے کا مشورہ دیا اور کہا کہ محکمہ پولیس میں اسپیشل برانچ کو کلیدی مقام حاصل ہے۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند نے اسپیشل برانچ (ایس بی) میں کام کرنے والے ملازمین کو مایوس نہ ہونے کا مشورہ دیا اور کہا کہ محکمہ پولیس میں اسپیشل برانچ کو کلیدی مقام حاصل ہے۔

پولیس کمانڈ کنٹرول میں حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر کے تحت 7 زونس کے اسپیشل برانچ کے عہدیداروں اور اسٹاف کے ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی وی آنند نے کہا کہ اسپیشل برانچ کی جانب سے دی جانے والی معلومات کی بنیاد پر اعلیٰ عہدیدار سرگرم رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ایس بی کا اسٹاف ہمیشہ چوکس رہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اسٹاف کو فیلڈ لیول سے معلومات پر توجہ مرکوز کرنا چاہئے۔ اسپیشل برانچ کو حیدرآباد سٹی پولیس کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے سی وی آنند نے کہا کہ چند افراد ایسا سوچتے ہیں کہ اسپیشل برانچ میں فرائض انجام دینا سزا کے برابر ہے لیکن اسٹاف کو ایسا نہیں سوچنا چاہئے۔

ایس بی کے اسٹاف کو سنجیدگی‘ لگن کے ساتھ کام کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے سٹی پولیس کمشنر نے کہا کہ اسپیشل برانچ میں کام کرنے کا تجربہ آپ کو اپنی سرویس میں فائدہ مند رہے گا۔ سی وی آنند نے اسپیشل برانچ کے اسٹاف کو مقامی افراد‘ بزرگوں اور قائدین کے ساتھ خوشگوار تعلقات بنائے رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جب آپ کے مقامی افراد سے بہتر تعلقات رہیں گے تب آپ کو مسلسل معلومات حاصل ہوتی رہیں گی۔

کسی بھی معلومات کو کم تر یا چھوٹا نہیں سمجھنا چاہئے۔ چھوٹی سے چھوٹی اطلاع‘ اپنے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ فوری شیئر کرنی چاہئے۔ اس سلسلہ میں تساہل سے کام نہیں لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایس بی کے عہدیداروں اور اسٹاف کو کبھی بھی معلومات کے حصول کے ذرائع کا انکشاف نہیں کرنا چاہئے۔

جب تک عہدیدار اور اسٹاف ذرائع کا تحفظ کرتے رہیں گے آپ کو معلومات ملے رہیں گی۔ انہوں نے ایس بی اسٹاف پر زور دیا کہ وہ بیرونی مقامات سے آنے والے افراد پر خصوصی توجہ مرکوز کریں۔ معلومات کے ذرائع سیٹ اپ کرنا ہوگا جس کے بعد اس شخص کے بارے میں جو کسی بھی ہوٹل میں مقیم ہو‘ آپ کو معلومات حاصل ہوتے رہیں گے۔

کمشنر سی وی آنند نے کہا کہ ہندوستان کے پڑوسی ممالک کے شہریوں کی بری تعداد مختلف مقاصد کے لئے حیدرآباد آتی رہتی ہے‘ ایس بی کے اسٹاف‘ عہدیداروں کو ان پر خصوصی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس بی اسٹاف کو ایسا انتظام کرنا چاہئے کہ دیگر ریاستوں سے آنے والے افراد کے بارے میں مسلسل معلومات حاصل ہوتی رہے۔

کمشنر نے کہا کہ ایس بی کے عہدیدراوں اور اسٹاف کو ہمیشہ یہ بات نہیں بھولنی چاہئے کہ آپ کا رول سٹی پولیس کی موثر کارکردگی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سی وی آنند نے اسٹاف پر زور دیا کہ وہ حصول معلومات کے لئے غیر رسمی طور پر مزید افراد کو سرگرم رکھیں اور بہتر اور زائد معلومات کے حصول کے لئے جدید ٹکنالوجی کا استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو اپنے حدود اور علاقوں کے بارے میں صحیح اور درست معلومات رکھنی چاہئے۔ سی وی آنند نے کہا کہ پاسپورٹ کی انکوائری کے لئے اسٹاف کو لگن اور دیانت داری کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔