ٹرافک پولیس میں زائد عمر کے ملازمین سے سخت ڈیوٹی کرانے کی شکایات
55 سے 58 سال عمر کے ٹرافک جوانوں کو مختلف ٹرافک جنکشس پر تعینات کرنے کی اطلاعات ہیں۔ یہ ملازمین دھوپ کی شدت برداشت کرتے ہوئے فرائض انجام دیتے ہیں اور بارش میں بھی ٹرافک کو کنٹرول کرتے ہیں۔
حیدرآباد: تشکیل تلنگانہ سے قبل اور بعد بھی ریاستی پولیس میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لائے گئے۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد بی آر ایس حکومت نے پولیس کو عوام دوست بنانے، ملازمین کی صحت کا خیال رکھنے پر بھرپور توجہ دی ہے مگر اس کے باوجود ٹرافک پولیس میں وظیفہ پر سبکدوشی عمر کے قریب کے ملازمین سے سخت ڈیوٹی کرانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
55 سے 58 سال عمر کے ٹرافک جوانوں کو مختلف ٹرافک جنکشس پر تعینات کرنے کی اطلاعات ہیں۔ یہ ملازمین دھوپ کی شدت برداشت کرتے ہوئے فرائض انجام دیتے ہیں اور بارش میں بھی ٹرافک کو کنٹرول کرتے ہیں۔
پولیس کے ارباب مجاز کو چاہئے کہ وظیفہ پر سبکدوشی کے عمر کے پولیس ملازمین کو ایک جگہ بیٹھنے کی ڈیوٹی الاٹ کریں۔ ذرائع کے مطابق کام کا دباؤ، مسلسل ڈیوٹی کرنے سے پولیس ملازمین کی بڑی تعداد کو صحت کے مسائل کا سامنا ہے۔ کئی جوانوں کی توند نکل آچکی ہے، انھیں فٹنس کا مسئلہ درپیش رہے گا۔
بتایا جاتا ہے کہ خرابی صحت کی بناء پر قبل از وقت وظیفہ پر سبکدوشی کے لئے درخواستیں داخل کرنے والوں میں پولیس ملازمین کی تعداد زیادہ ہے۔
اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ بیشتر ملازمین پولیس میں مزید خدمات انجام دینا نہیں چاہتے، حکومت نے اپنی مجبوری کے خاطر وظیفہ کی عمر کی حد میں اضافہ کردیا، اس کے بعد پولیس میں ڈیوٹی کرنے کی اعظم ترین عمر 61 سال مقرر کی گئی ہے۔
اس سے اعلیٰ عہدیداروں کو فائدہ ہوگا لیکن انسپکٹر سطح تک کے ملازمین، 61 سال عمر تک ڈیوٹی انجام نہیں دینا چاہتے ہیں اور وہ وی آر ایس حاصل کرلیتے ہیں۔
سٹی پولیس کمشنر سی وی آنند سے التماس ہے کہ وہ ٹرافک پولیس کے ایسے ملازمین کو جن کی عمریں 60 سال ہیں، انھیں رخصت پر روانہ کردیں یا پھر ایسے ملازمین کا تبادلہ سی سی آر بی یا سٹی سیکوریٹی ونگ یا اسپیشل برانچ میں کردیں تاکہ وہ پُرسکون انداز میں ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے وظیفہ پر سبکدوش ہوجائیں۔
چند ٹرافک جوانوں نے اس بات کی شکایت کی کہ انھیں گھٹنوں اور جوڑوں میں درد رہتا ہے اس کے باوجود انھیں ٹرافک کنٹرول کی ذمہ داری نبھای پڑتی ہے۔ ڈیوٹی تو ڈیوٹی ہے، اس لئے وہ ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔